ٹرائی نیشن ٹی20: پاکستان کی آخری گیند تک جدوجہد، سری لنکا 6 رنز سے کامیاب
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان ٹی20 ٹرائی نیشن سیریز کے آخری لیگ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 6 رنز سے ہرا کر فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کرلی ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے، جبکہ پاکستان 178 رنز تک پہنچ سکا۔ فائنل ہفتے کو دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔
ٹاس جیتنے والے پاکستان نے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جہاں اوپنر پاتھم نسانکا صرف 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ کے لیے کمل مشارا اور کوشل مینڈس نے 66 رنز کی شراکت داری قائم کی، جس میں مینڈس 40 رنز بناکر واپس لوٹے۔ مشارا نے شاندار 76 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ لایناگے 24 رنز ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان کا آغاز خوش کن نہ رہا، پاور پلے میں صرف 45 رنز بنے اور چار وکٹیں گنوا دیں۔ صاحبزادہ فرحان 9، بابر اعظم صفر، فخر زمان 1 اور صائم ایوب 27 رنز بناسکیں۔ کپتان سلمان علی آغا اور عثمان خان نے اسکور 99 تک پہنچایا، جہاں عثمان 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 16 گیندوں پر 27 رنز اسکور کیے، پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے، لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آخری اوور میں 10 رنز درکار تھے۔
دشمنتھا چمیرا نے آخری اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 3 رنز دیے اور فہیم اشرف کی وکٹ لے کر سری لنکا کو فتح دلائی۔ سلمان علی آغا 63 رنز ناٹ آؤٹ رہنے کے باوجود ٹیم کو ہدف نہ پہنچا سکے۔ سری لنکا کی جانب سے چمیرا نے 4 وکٹیں لے کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔