ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی جلد اپنے اختتام کے قریب پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ واشنگٹن مشرقِ وسطیٰ میں اپنے فوجی اہداف حاصل کرنے کے قریب ہے اور اسی تناظر میں اس کارروائی کو سمیٹنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں لکھا کہ امریکہ ایران کے حوالے سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری اپنی بڑی فوجی کوششوں کو ختم کرنے کے امکانات پر غور کر رہا ہے کیونکہ امریکی افواج اپنے مقررہ اہداف کے قریب پہنچ چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اہم مقاصد میں ایران کی میزائل صلاحیت کو تباہ کرنا، اس کی دفاعی صنعتی بنیاد کو کمزور کرنا، فضائیہ اور بحریہ کو نقصان پہنچانا اور فضائی دفاعی نظام کو غیر مؤثر بنانا شامل ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ان اقدامات کے ذریعے ایران کی عسکری طاقت کو محدود کرنا امریکی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ واشنگٹن ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی صلاحیت سے محروم کرنا چاہتا ہے۔ ان کے بقول امریکہ مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اتحادی ممالک کو اعلیٰ ترین سطح پر تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق اس سلسلے میں بحرین، اسرائیل، قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب جیسے اتحادی ممالک کی سلامتی کو یقینی بنانا بھی امریکی حکمت عملی کا حصہ ہے۔