ٹرمپ کا بھارت کیلئے روسی تیل کی خرید و فروخت پر ٹیرف بڑھانے کا اعلان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ بھارت پر امریکی درآمدات کے سلسلے میں تجارتی ٹیرف میں نمایاں اضافہ کریں گے، کیونکہ بھارت روس سے بڑی مقدار میں تیل خرید کر عالمی منڈی میں منافع بخش قیمتوں پر فروخت کر رہا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا بھارت نہ صرف روسی تیل کی وسیع مقدار خرید رہا ہے بلکہ اس کا بڑا حصہ عالمی منڈی میں بھاری منافع کے ساتھ فروخت بھی کر رہا ہے۔ اس لیے میں بھارت کی جانب سے امریکہ کو ادا کیا جانے والا ٹیرف نمایاں طور پر بڑھا دوں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ پہلے ہی بھارت پر 25 فیصد تجارتی ٹیرف عائد کر چکا ہے، لیکن اب اسے مزید بڑھایا جائے گا۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت نے حالیہ برسوں میں روسی تیل کی درآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے، بالخصوص یوکرین جنگ کے بعد جب روس نے ایشیائی خریداروں کو رعایتی نرخوں پر تیل کی پیشکش کی۔ ٹرمپ کے اس مؤقف کو تجارتی دباؤ کی ایک نئی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو بھارت اور امریکہ کے درمیان معاشی تعلقات پر ممکنہ اثر ڈال سکتا ہے۔