صدر پوتن سے جلد ملاقات ہوگی، ٹرمپ کا اعلان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ان کی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی عنقریب بالمشافہ ملاقات ہنگری کے دارالحکومت بوداپسٹ میں ہوگی۔ یہ اعلان ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے بعد کیا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر لکھا کہ ’’گفتگو کے اختتام پر ہم نے اتفاق کیا کہ آئندہ ہفتے ہمارے اعلیٰ سطحی مشیروں کی ملاقات ہوگی، جس کے بعد صدر پوتن اور میں ایک متفقہ مقام، بوداپسٹ (ہنگری) میں ملاقات کریں گے۔‘‘ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس اور امریکہ کے درمیان متعدد عالمی اور علاقائی امور پر کشیدگی برقرار ہے، تاہم دونوں ممالک کے رہنما اس ملاقات کو باہمی تعلقات میں ممکنہ بہتری کے ایک نئے موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔