ٹرمپ کو روس آنے کی دعوت، الاسکا میٹنگ میں دی، روسی نائب وزیر خارجہ
ماسکو (صداۓ روس)
روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو روس کے دورے کی باضابطہ دعوت دی جا چکی ہے۔ انہوں نے یہ بات خبر رساں ایجنسی تاس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ سرگئی ریابکوف کے مطابق یہ دعوت گزشتہ سال اگست میں الاسکا کے شہر اینکریج میں ہونے والی ملاقات کے دوران دی گئی، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ملاقات کی تھی۔ ریابکوف نے وضاحت کی کہ اینکریج ملاقات کے بعد صدر پوتن نے تجویز دی تھی کہ آئندہ ملاقات ماسکو میں منعقد کی جا سکتی ہے، جس کے تناظر میں صدر ٹرمپ کو روس آنے کی دعوت دی گئی۔ تاہم روسی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر تاحال کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ان کے مطابق روس اور امریکا کے صدور کے درمیان رابطوں کے دیگر ممکنہ پلیٹ فارمز کی طرح اس معاملے میں بھی ماسکو کا مؤقف واضح ہے کہ پہلے مذاکرات کے بنیادی اور ٹھوس نکات پر اتفاق ہونا چاہیے، اس کے بعد ہی ملاقات کے مقام کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ریابکوف نے زور دیا کہ روس کے نزدیک ملاقات کی جگہ سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا ایجنڈا بامعنی ہو اور اس سے عملی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔