ٹرمپ کی جانب سے نیٹو رکن ملک اسپین کو پابندیوں کی دھمکی

Trump Trump

ٹرمپ کی جانب سے نیٹو رکن ملک اسپین کو پابندیوں کی دھمکی

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسپین کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے نیٹو کے دفاعی اخراجات میں اضافے کی نئی شرائط پوری نہ کیں تو اس کے خلاف تجارتی محصولات (ٹیرِف) عائد کیے جا سکتے ہیں۔ ٹرمپ مسلسل نیٹو ممالک پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنی دفاعی بجٹ میں نمایاں اضافہ کریں، تاہم میڈرڈ نے اس مطالبے کو “ناممکن” قرار دیا ہے۔ منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اسپین واحد ملک ہے جس نے اپنا فوجی بجٹ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 5 فیصد تک نہیں بڑھایا۔ ان کے بقول، ’’میں اسپین سے بہت ناخوش ہوں، انہوں نے نیٹو کے ساتھ ناقابلِ یقین حد تک بے ادبی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا میں سوچ رہا ہوں کہ ان کے خلاف تجارتی سزا کے طور پر محصولات عائد کیے جائیں، شاید میں یہ کروں۔‘‘ اس سے قبل اسی ماہ انہوں نے یہاں تک کہا تھا کہ اسپین کو نیٹو سے نکال دینے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، کیونکہ اس نے دفاعی اخراجات بڑھانے کے وعدے پورے نہیں کیے۔ ٹرمپ نے کہا، ’’ان کے پاس ایسا نہ کرنے کی کوئی معقول وجہ نہیں۔ یاد رہے کہ ٹرمپ اپنی پہلی مدتِ صدارت سے ہی نیٹو اتحادیوں پر یہ الزام لگاتے آئے ہیں کہ وہ دفاعی بوجھ کا منصفانہ حصہ نہیں اٹھا رہے۔ جنوری میں دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے یورپی ارکان پر دباؤ مزید بڑھا دیا۔ اس دباؤ کا عروج جون میں دی ہیگ میں منعقدہ نیٹو سربراہی اجلاس میں دیکھا گیا، جہاں رکن ممالک نے 2035 تک اپنے دفاعی اخراجات جی ڈی پی کے 5 فیصد تک بڑھانے کا عزم کیا۔ اسپین اس مجوزہ ہدف کی سب سے بڑی مخالف کے طور پر سامنے آیا۔

اسپین اس سے قبل بھی نیٹو کے مقرر کردہ 2 فیصد کے ہدف کو حاصل نہیں کر سکا تھا اور گزشتہ برس اپنے جی ڈی پی کا محض 1.3 فیصد دفاع پر خرچ کیا تھا۔ اجلاس سے قبل ہسپانوی وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز نے کہا تھا کہ ’’اسپین کسی مخصوص جی ڈی پی شرح پر مبنی دفاعی ہدف کے لیے وعدہ نہیں کر سکتا۔ اجلاس کے بعد ہسپانوی وزیرِ دفاع مارگریٹا روبلیس نے 5 فیصد کے ہدف کو ’’بالکل ناممکن‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’یورپی دفاعی صنعتیں اتنی بڑی طلب پوری کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتیں، چاہے حکومتیں مطلوبہ فنڈز فراہم بھی کر دیں۔ اب تک اسپین کی حکومت نے ٹرمپ کے تازہ بیانات پر کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔

Advertisement