ٹرمپ کا ڈیوس کا سفر تکنیکی خرابی کے باعث ادھورا، طیارہ واپس واشنگٹن لوٹ گیا

Trump Trump

ٹرمپ کا ڈیوس کا سفر تکنیکی خرابی کے باعث ادھورا، طیارہ واپس واشنگٹن لوٹ گیا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیوس لے جانے والا طیارہ دورانِ پرواز تکنیکی خرابی کے باعث واپس واشنگٹن ڈی سی کے قریب جوائنٹ بیس اینڈریوز لوٹ آیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق طیارے میں ایک معمولی برقی مسئلہ سامنے آیا، جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت واپسی کا فیصلہ کیا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ مختصر بیان میں کہا گیا کہ پرواز کے کچھ دیر بعد ایئر فورس ون کے عملے نے برقی نظام میں خرابی کی نشاندہی کی، جس کے بعد صدر اور ان کے وفد کو دوسرے طیارے کے ذریعے سوئٹزرلینڈ روانہ کرنے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق طیارے میں موجود ایک صحافی نے بتایا کہ ٹیک آف کے فوراً بعد پریس کیبن کی بتیاں کچھ لمحوں کے لیے بند ہو گئی تھیں۔ صدر ٹرمپ کو بدھ کی سہ پہر عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرنا تھا۔

اطلاعات کے مطابق صدر ٹرمپ ڈیوس میں یورپی رہنماؤں سے گرین لینڈ کو ڈنمارک سے حاصل کرنے کے منصوبے پر بھی بات چیت کرنے والے تھے، جس کی نیٹو کے دیگر رکن ممالک مخالفت کر رہے ہیں۔ ٹرمپ اس سے قبل خبردار کر چکے ہیں کہ اگر گرین لینڈ پر کوئی معاہدہ نہ ہوا تو وہ اگلے ماہ متعدد یورپی ممالک پر نئے تجارتی محصولات عائد کریں گے۔ ادھر یورپی یونین کے حکام ممکنہ جوابی اقدامات پر غور کر رہے ہیں، جن میں امریکا کے خلاف پہلے سے معطل شدہ محصولات کی بحالی اور یورپی منڈیوں تک امریکی کمپنیوں کی رسائی محدود کرنا شامل ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے ڈیوس میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کی دھمکیوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا اور کہا کہ یورپی یونین براعظم کو کمزور یا تابع بنانے کی کسی بھی کوشش کی مزاحمت کرے گی۔

Advertisement