اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

روس کے کوریل جزائر سے زلزلہ سونامی ٹکراگیا، ایمرجنسی نافذ

Earthquake

روس کے کوریل جزائر سے زلزلہ سونامی ٹکراگیا، ایمرجنسی نافذ

ماسکو(صداۓ روس)
روس کے شمال مشرقی کوریل جزائر میں بدھ کی صبح طاقتور زلزلے کے بعد سونامی کی لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرائیں، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کر کے شہریوں کو محفوظ بلند مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ سخالین ریجن کے گورنر ویلےری لیمارینکو کے مطابق سونامی کی پہلی لہر جزیرہ سیویرو-کوریلسک کے ساحل سے اس وقت ٹکرائی جب کَمچاٹکا جزیرہ نما کے قریب بحرالکاہل میں 7.9 شدت کا زلزلہ آیا۔ سونامی خطرے کے پیشِ نظر علاقے کی تقریباً 2,500 آبادی کو ساحلی پٹی سے دور بلند مقامات پر منتقل کیا گیا۔ گورنر لیمارینکو نے بیان میں کہا کہ “تمام رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ وہیں مقیم رہیں گے جب تک سونامی کا خطرہ مکمل طور پر ختم نہ ہو جائے۔” امدادی ادارے ہائی الرٹ پر کام کر رہے ہیں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری ہیں۔ مقامی میڈیا اور حکام کی جانب سے جاری کردہ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانی ساحل سے ٹکرا رہا ہے اور شہری سائرن کی آواز سن کر تیزی سے اونچی جگہوں کی طرف جا رہے ہیں۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاع نہیں ملی، تاہم سیویرو-کوریلسک میں واقع فِش پروسیسنگ پلانٹ “الائید” پانی میں ڈوب گیا ہے اور تمام ملازمین کو فوری طور پر نکال لیا گیا۔

روس کی جیو فزیکل سروس کی جانب سے سیویرو-کوریلسک کے ساحلی علاقوں کی فضائی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے، جس میں سیلابی پانی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ یوزھنو-سخالینسک زلزلہ مرکز کی سربراہ ایلینا سیمیونووا کے مطابق کَمچاٹکا کے قریب زلزلے کے بعد پورے کوریل جزائر میں سونامی کا خطرہ برقرار ہے، اور مختلف علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے تحت ساحلوں کی نگرانی اور انخلاء کا عمل جاری ہے۔ ہنگامی ادارے مکمل چوکس حالت میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Share it :