اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

مظفرآباد میں سیلفی لیتے ہوئے دو لڑکیاں دریا میں ڈوب گئیں

مظفرآباد (صداۓ روس)

سیلفی لینے کا شوق ایک اور قیمتی جان لے گیا۔ مظفرآباد کے علاقے اپر مانک پئیاں مہاجر کیمپ سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ آمنہ دختر اسلم بٹ اپنی سہیلی کے ہمراہ اتوار کے روز دریا کنارے تصاویر بناتے ہوئے دریا کے تیز بہاؤ میں بہہ گئیں۔

ذرائع کے مطابق آمنہ اور اس کی سہیلی تفریح کی غرض سے دریا کے کنارے موجود تھیں جہاں وہ موبائل فون سے سلفیاں بنا رہی تھیں۔ اس دوران اچانک آمنہ کا پاؤں پھسل گیا اور وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں۔ ان کی سہیلی نے انہیں بچانے کی کوشش کی، مگر وہ بھی دریا کی موجوں کی نذر ہو گئی۔

واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاپتا لڑکیوں کی تلاش شروع کر دی گئی۔ آخری اطلاعات تک لاشیں برآمد نہیں کی جا سکیں، جبکہ تیز بہاؤ کے باعث تلاش کا عمل سست روی کا شکار ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوعہ پر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر تھے، اور حالیہ دنوں میں دریا کی سطح میں اضافہ ہونے سے خطرہ مزید بڑھ چکا ہے۔

حادثے کے بعد متاثرہ خاندان شدید صدمے سے دوچار ہے، جب کہ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دریا کنارے واقع تفریحی مقامات پر حفاظتی باڑ لگانے، انتباہی بورڈز نصب کرنے اور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کے فوری اقدامات کیے جائیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ موبائل فون اور سوشل میڈیا کے رجحانات نے نوجوانوں کو خطرناک مقامات پر سلفیاں لینے پر آمادہ کر دیا ہے، جس کے باعث اس قسم کے افسوسناک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس رجحان پر قابو پانے کے لیے والدین، تعلیمی اداروں اور حکومتی اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔

Share it :