روس کے لینن گراڈ ریجن میں بس اور ٹرین میں خوفناک تصادم، دو افراد جاں بحق
ماسکو(صداۓ روس)
روس کے علاقے لینن گراڈ میں ایک افسوسناک حادثے میں سیاحوں سے بھری بس مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دس زخمی ہو گئے۔ ریلوے حکام کے مطابق یہ حادثہ صبح 6 بج کر 11 منٹ پر لوڈینوئے پولے اور اولونیتس اسٹیشنوں کے درمیان ایک ریلوے کراسنگ پر پیش آیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، بس نے آنے والی ٹرین سے پہلے ٹریک عبور کرنے کی کوشش کی، جس کے باعث تصادم ہوا۔ حادثے کے وقت ٹرین کے ڈرائیور نے ہنگامی بریک لگانے کی کوشش کی، مگر فاصلہ اتنا کم تھا کہ ٹکر سے بچنا ممکن نہ ہو سکا۔ خوش قسمتی سے ٹرین پٹری سے نہیں اتری۔ ریلوے کمپنی “اوکتیا برسکایا” کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ بس میں 12 افراد سوار تھے، جن میں سے دو موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔