ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
اماراتی پولیس نے ابوظہبی میں 45 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران گرنے والے ملبے اور فضائی دفاعی نظام کی کارروائیوں کی ویڈیوز بنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر پھیلایا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے یہ افراد جنگی واقعات کی جگہوں پر پہنچ کر ملبہ گرنے اور فضائی دفاع کی سرگرمیوں کی ویڈیوز ریکارڈ کر کے آن لائن شیئر کر رہے تھے۔ پولیس کا موقف ہے کہ ان ویڈیوز کے ذریعے غلط معلومات اور افواہوں کا پھیلاؤ ممکن تھا جس کی وجہ سے متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اماراتی حکومت کی جانب سے یہ کارروائی اس خدشے کے پیش نظر کی گئی ہے کہ جنگی نقصانات کی تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آنے سے ملک کی معیشت کو شدید دھچکا لگ سکتا ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ ایسے مواد کے پھیلنے سے کاروباری سرگرمیاں، سرمایہ کاری اور خاص طور پر سیاحت شدید متاثر ہو گی جس سے ملک کی مجموعی معاشی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔