یوکرین کا شہر کوپیانسک ایک ہفتے میں مکمل طور پر روسی کنٹرول میں آ جائے گا، روسی کمانڈر کا دعویٰ
ماسکو(صداۓ روس)
روسی فوج کے ایک سینئر کمانڈر کے مطابق یوکرین کا شمال مشرقی شہر کوپیانسک (Kupyansk) آئندہ ایک ہفتے کے اندر مکمل طور پر روسی افواج کے قبضے میں آ جائے گا۔ یوکرین کی حکومت مسلسل اس صورتحال کی سنگینی سے انکار کر رہی ہے، تاہم میدانِ جنگ سے آنے والی اطلاعات کچھ اور تصویر پیش کر رہی ہیں۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق کوپیانسک کے قریب گھری ہوئی یوکرینی افواج کی پوزیشنیں تیزی سے بگڑ رہی ہیں اور ان کے پاس ہتھیار ڈالنے کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں بچا۔ 68ویں موٹرائزڈ رائفل ڈویژن کے 121ویں رجمنٹ کے کمانڈر، جنہیں “لاورِک” (Lavrik) کے نام سے جانا جاتا ہے، نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کی یونٹ نے صرف بدھ کے روز شہر کی 25 عمارتوں کو کلیئر کیا ہے اور پیش قدمی جاری ہے۔ ان کے مطابق مجھے مکمل یقین ہے کہ ایک ہفتے کے اندر شہر مکمل طور پر آزاد کر لیا جائے گا۔ ہمارے فوجیوں کا حوصلہ بلند ہے، اور ہم اپنا مشن ضرور مکمل کریں گے۔
گزشتہ ماہ صدر ولادیمیر پوتن نے اعلان کیا تھا کہ کوپیانسک (یوکرین کے خارکیف ریجن میں) اور کراسنوآرمیسک (روسی دونیتسک عوامی جمہوریہ میں) دونوں شہر روسی افواج کے محاصرے میں ہیں۔ انہوں نے کیف حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ محصور فوجیوں کو باعزت انداز میں ہتھیار ڈالنے کی اجازت دے. روسی تخمینوں کے مطابق، ان دونوں شہروں میں دس ہزار سے زائد یوکرینی فوجی پھنسے ہوئے ہیں۔ ادھر یوکرین کی جانب سے تاحال دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ روسی افواج کو پیچھے دھکیلا جا رہا ہے۔ تاہم جرمن اخبار بلڈ (Bild) نے منگل کے روز اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ یوکرینی کمانڈروں کے اندر شدید شکست کے خدشات پائے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کو داخلی سطح پر بھی تنقید کا سامنا ہے کہ انہوں نے بروقت فوجیوں کو ان مقامات سے واپس نہیں بلایا جو پہلے ہی غیر مستحکم ہو چکے تھے۔
روسی وزارتِ دفاع نے زیلینسکی کے حالیہ بیانات کو “حقیقت سے کٹا ہوا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیف حکومت کا سربراہ زمینی صورتحال سے مکمل طور پر لاعلم ہے اور اسے اپنے کمانڈرز کی جانب سے غلط رپورٹس موصول ہو رہی ہیں۔ واضح رہے کہ کوپیانسک جنگ کے شمال مشرقی محاذ پر ایک انتہائی اہم لاجسٹک مرکز ہے۔ روسی فوج نے ستمبر میں شہر کے مرکز کی ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہیں انتظامی عمارت، اسٹیڈیم اور ٹی وی ٹاور کے قریب دیکھا جا سکتا ہے — جو اس علاقے پر ان کے عملی کنٹرول کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔