یوکرینی ڈرون بھی آذربائیجان کے طیارہ حادثے کا سبب بنا، صدر پوتن
ماسکو(صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے انکشاف کیا ہے کہ 2024 میں روس جانے والے آذربائیجان ایئرلائنز کے مسافر طیارے کے ہولناک حادثے کی بنیادی وجہ یوکرینی ڈرونز کی دراندازی تھی۔ تاجکستان میں آذربائیجان کے صدر الہام علیف سے ملاقات کے دوران پوتن نے بتایا کہ حادثے کی رات روسی فضائی حدود میں تین یوکرینی ڈرون داخل ہوئے، جن میں سے ایک اس وقت فضاء میں موجود تھا جب آذربائیجان ایئرلائنز کی پرواز AZAL 8243 کو نقصان پہنچا۔ صدر پوتن کے مطابق، “حادثے کی دوسری وجہ روسی فضائی دفاعی نظام میں تکنیکی خرابی تھی۔ دو میزائل داغے گئے مگر وہ طیارے سے براہِ راست نہیں ٹکرائے۔ غالب امکان ہے کہ یہ میزائل خود تباہ ہو گئے اور طیارہ ان کے ملبے سے متاثر ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میزائل کے ذیلی ہتھیار (submunitions) براہِ راست لگتے تو نقصان فوری طور پر تباہ کن ہوتا، جبکہ طیارے کے عملے نے ابتدائی طور پر سمجھا کہ شاید کسی پرندے سے تصادم ہوا ہے۔ یہ حادثہ دسمبر 2024 میں روسی شہر گروزنی کے قریب پیش آیا تھا۔ ایمبریئر 190 طیارہ متبادل راستہ اختیار کرنے کی کوشش کے باوجود قزاقستان کے شہر آکتاؤ کے قریب تباہ ہوگیا، جس میں 38 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے۔
صدر پوتن نے یقین دہانی کرائی کہ حادثے کی تمام تفصیلات کا مکمل تجزیہ کیا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں کے اقدامات کی قانونی جانچ کا بھی وعدہ کیا۔ آذربائیجانی صدر الہام علیف نے روسی تحقیقات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ روسی فریق اس سانحے کی وجوہات تک غیر جانبدارانہ طور پر پہنچے گا. یاد رہے کہ آذربائیجان کی جانب سے اس واقعے پر روس کے خلاف مقدمے کی تیاری کی جا رہی ہے، جب کہ ماسکو متعدد بار تعزیت اور مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کروا چکا ہے۔