اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

روس کے پانچ ریجنز میں یوکرینی ڈرون حملے، روسی وزارتِ دفاع

Missile

روس کے پانچ ریجنز میں یوکرینی ڈرون حملے، روسی وزارتِ دفاع

ماسکو  (صداۓ روس)
روسی وزارتِ دفاع کے مطابق یوکرین نے اتوار کے روز روس کے پانچ مختلف علاقوں میں فوجی فضائی اڈوں پر ڈرون حملے کیے، جن میں سے بیشتر ناکام بنا دیے گئے، تاہم کچھ مقامات پر طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔ وزارت کے بیان کے مطابق مرمانسک (شمالی روس)، ایوانوو اور ریازان (وسطی روس)، ارکتسک (سائبیریا) اور امور (مشرقی بعید) کے علاقوں میں حملے کیے گئے۔ تمام حملوں میں فرسٹ پرسن ویو خودکش ڈرونز استعمال کیے گئے، جن میں سے کچھ قریبی علاقوں سے لانچ کیے گئے تھے۔

وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ کچھ حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم ان کی تعداد یا شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ روسی حکام نے کیف حکومت کو ان کارروائیوں کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہیں “دہشتگردانہ حملے” قرار دیا ہے. ایوانوو، ریازان اور امور کے علاقوں میں حملے ناکام بنائے گئے اور کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم، مرمانسک اور ارکتسک میں بعض طیاروں کو آگ لگ گئی، جسے فوراً بجھا دیا گیا۔ کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔

یوکرینی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ حملے “اسپائیڈر ویب” نامی ایک “تاریخی” آپریشن کا حصہ تھے، جس کی تیاری ڈیڑھ سال سے جاری تھی۔ اس کا مقصد روس کی اسٹریٹیجک فضائی طاقت کو نشانہ بنانا تھا۔ یوکرین کے ٹی وی چینل 24 نے ایک تصویر شائع کی ہے جس میں یوکرینی داخلی سلامتی سروس ایس بی یو کے سربراہ واسیلی ملیوک پانچ روسی فضائی اڈوں کے نقشے دیکھ رہے ہیں۔ یہ تصویر خود ایس بی یو نے جاری کی ہے۔ قبل ازیں، اتوار کی صبح ارکتسک میں ایک فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ مقامی گورنر ایگور کوبزیف کے مطابق حملہ آور مقام کو فوری طور پر بلاک کر دیا گیا اور شہریوں کی جان یا صحت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے ان حملوں کو جاری امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ یوکرین کی جانب سے حالیہ ہفتوں میں روسی سرزمین پر ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

Share it :