خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

یوکرینی ڈرون حملوں سے روس میں مسافر ریل ٹریفک متاثر، بجلی کی بندش

Russian train

یوکرینی ڈرون حملوں سے روس میں مسافر ریل ٹریفک متاثر، بجلی کی بندش

ماسکو(صداۓ روس)
روسی حکام کے مطابق، یوکرین کی جانب سے کیے گئے تازہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں روس کے وولگوگراد ریجن میں مسافر ریل سروس متاثر ہوئی اور کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ پیر کی صبح جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ حملے اتوار اور پیر کی درمیانی شب کیے گئے۔ روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ اس کارروائی میں 61 ونگڈ ڈرون شامل تھے، جن میں سے تقریباً آدھے کو بحیرہ اسود اور وورونژ کے اوپر مار گرایا گیا۔ وولگوگراد کے گورنر آندرے بوچاروف کے مطابق، ان کے علاقے میں چھ ڈرونز کو ناکارہ بنایا گیا۔ ان میں سے ایک ڈرون گر کر ایک ہائی وولٹیج بجلی کی لائن کو کاٹ گیا، جبکہ ایک اور ڈرون ریلوے ٹریک کے قریب گرا لیکن پھٹا نہیں، جس پر بم ڈسپوزل ٹیموں کو طلب کیا گیا۔ گورنر بوچاروف کا کہنا تھا کہ فریلووو کے ریلوے اسٹیشن کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ روسی ریلوے حکام نے کچھ ٹرینوں میں چار گھنٹے تک تاخیر کا عندیہ دیا ہے۔ فریلووو کا علاقہ کیف کے زیرِ کنٹرول علاقے سے تقریباً 430 کلومیٹر مشرق اور وولگوگراد شہر سے 135 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔

روسی ایوی ایشن اتھارٹی ’’روساویاٹسیا‘‘ کے مطابق، ڈرون حملوں کے بعد وولگوگراد اور تمبوف کے آس پاس کی فضائی حدود میں کچھ دیر کے لیے پروازوں کی معطلی بھی کی گئی۔ کیف حکام کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون حملے روس پر دباؤ بڑھانے اور جنگ بندی پر مجبور کرنے کی کوشش ہیں۔ تاہم، ماسکو نے یوکرین کے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوششیں صرف محاذِ جنگ پر یوکرینی افواج کو دوبارہ منظم ہونے کے لیے وقت حاصل کرنے کا حربہ ہیں۔ روسی حکام کا مزید کہنا ہے کہ یوکرین دانستہ طور پر شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ روس کے حملے صرف فوجی اہداف جیسے اسلحہ سازی کے کارخانے اور فوجی ایندھن کے ذخائر پر مرکوز ہوتے ہیں۔

شئیر کریں: ۔