امریکہ اور چین یوکرین تنازع کے حل کے لیے مل کر کام کریں گے، صدر ٹرمپ

Trump Trump

امریکہ اور چین یوکرین تنازع کے حل کے لیے مل کر کام کریں گے، صدر ٹرمپ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پھنگ اس بات پر متفق ہو گئے ہیں کہ واشنگٹن اور بیجنگ یوکرین تنازع کے حل کے لیے مل کر کام کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے یہ بیان جنوبی کوریا سے روانگی کے وقت ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بوسان میں ہونے والی ملاقات کے دوران یوکرین کا معاملہ تفصیل سے زیرِ بحث آیا۔ ٹرمپ کے مطابق، “یوکرین کا معاملہ بہت اہمیت کے ساتھ سامنے آیا۔ ہم نے اس پر کافی بات کی اور دونوں نے اتفاق کیا کہ ہم مل کر کچھ کرنے کی کوشش کریں گے۔” صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے چین سے روسی تیل کی خریداری روکنے کا مطالبہ نہیں کیا، اگرچہ انہوں نے ملاقات سے قبل ایسا کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ چینی صدر شی جن پھنگ نے بوسان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور امریکہ کو اپنے تعلقات اور عالمی امن کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے دونوں ممالک بطور بڑی طاقتیں اپنی ذمہ داری ادا کر سکتے ہیں۔ شی نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ دنیا بھر کے تنازعات کے حل میں دلچسپی رکھتے ہیں، جبکہ چین ہمیشہ بات چیت کے ذریعے امن قائم کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ چین کا یوکرین پر مؤقف تبدیل نہیں ہوگا اور بیجنگ مذاکرات کے فروغ پر قائم رہے گا۔

خیال رہے کہ روس اور چین کے درمیان تعلقات یوکرین تنازع کے بعد مزید مضبوط ہوئے ہیں، جبکہ بیجنگ روسی تیل کا سب سے بڑا خریدار بن چکا ہے۔ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو ایک “غیر محدود اسٹریٹجک شراکت داری” قرار دیتے ہیں۔

Advertisement