مئی 2025 کی لڑائی میں پاکستان کو برتری حاصل رہی ،امریکی کمیشن رپورٹ
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکہ کی یو ایس۔چائنا اکنامک اینڈ سیکیورٹی ریویو کمیشن نے اپنی تازہ ترین سالانہ رپورٹ میں تسلیم کیا ہے کہ مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ ہونے والی چار روزہ جھڑپ میں پاکستان نے فوجی طور پر “کامیابی حاصل کی”۔ امریکی ادارے کی جانب سے کسی ایسی براہِ راست تسلیم شدہ برتری کا ذکر شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب رپورٹ کا بنیادی مقصد بحران اور اس میں چین کے کردار کا جائزہ لینا تھا۔ رپورٹ کے مطابق 7 سے 10 مئی تک جاری رہنے والی یہ جھڑپ گزشتہ پچاس برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی سب سے شدید لڑائی تھی۔ اس کی وجہ وہ بھارتی کارروائی بنی جو پہلگام (بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر) میں ہونے والے ایک دہشت گرد حملے کے جواب میں کی گئی، جس میں 26 عام شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کی افواج نے ایک دوسرے کی حدود کے اندر اس قدر گہرے اہداف کو نشانہ بنایا، جو پچھلے نصف صدی میں کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔ کمیشن کے مطابق ان جھڑپوں میں پاکستان نے اپنے “فوجی فوائد” واضح طور پر ظاہر کیے، جن میں چینی ساختہ ہتھیاروں نے اہم کردار ادا کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی جانب سے اعلیٰ درجے کا چینی فوجی ساز و سامان استعمال کرنے سے اس کی صلاحیتیں نمایاں ہو کر سامنے آئیں۔
امریکی کمیشن نے مزید کہا کہ بھارتی دعووں کے مطابق پاکستان نے ان آپریشنز کے دوران چینی انٹیلی جنس سپورٹ پر بھی انحصار کیا۔ تاہم پاکستان نے اس الزام کی تردید کی، جبکہ چین نے اس پر نہ تو تصدیق کی اور نہ ہی تردید۔ یہ رپورٹ اس خطے میں جاری کشیدگی، چین اور پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات اور بھارت کے ساتھ تنازع کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے اہم تشخیص پیش کرتی ہے۔