روبوٹ درآمدات پر امریکی پابندیاں امریکی کاروباروں کو نقصان پہنچائیں گی، چین

robot robot

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماو ننگ نے ایک بریفنگ میں کہا ہے کہ غیر ملکی ساختہ موبائل روبوٹس کی درآمد پر امریکی پابندیاں امریکی کاروباروں اور صارفین کو نقصان پہنچائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ “تحفظ پسندی امریکا کی مسابقت کو بڑھانے کی بجائے صرف امریکی کاروباروں اور صارفین کے مفادات کو نقصان پہنچائے گی۔”

ماو ننگ نے زور دیا کہ چین قومی سلامتی کی حد سے زیادہ وسیع تشریح اور چینی کمپنیوں پر دباؤ کی مخالفت کرتا ہے۔ بیجنگ چینی کاروباروں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ 28 جولائی کو امریکی وفاقی مواصلاتی کمیشن نے غیر ملکی موبائل روبوٹک آلات بشمول ہیومنائیڈ اور کواڈروپیڈ روبوٹس کو اپنی فہرست میں شامل کر لیا تھا، جنہیں قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ نئے ماڈلز کو خصوصی اجازت کے بغیر امریکا میں درآمد اور فروخت کے لیے منظوری نہیں دی جائے گی، تاہم یہ پابندیاں ان آلات پر لاگو نہیں ہوں گی جو پہلے ہی امریکی منڈی کے لیے منظور ہو چکے ہیں۔