اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

امریکی قرضوں میں بے تحاشا اضافہ، ڈالر پر عالمی اعتماد ختم ہو رہا ہے، روس

Russian Flag

امریکی قرضوں میں بے تحاشا اضافہ، ڈالر پر عالمی اعتماد ختم ہو رہا ہے، روس

ماسکو (صداۓ روس)
ریو ڈی جنیرو میں جاری سترہویں برکس سربراہی اجلاس کے دوران روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے عالمی معیشت کی موجودہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کا قومی قرضہ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے اور ڈالر پر دنیا کا اعتماد متزلزل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا نے عالمی تجارتی و مالیاتی نظام کی کئی کمزوریاں کھول کر رکھ دی ہیں اور اس کے بعد امریکہ نے جس طرح غیر قانونی یکطرفہ پابندیاں عائد کیں اور ڈالر کو بطور سزا استعمال کیا، اس سے عالمی اقتصادی نظم مزید بکھر کر رہ گیا ہے۔

لاوروف کے مطابق، ڈالر کو ماضی میں ایک قابل اعتماد ادائیگی کے ذریعہ کے طور پر دیکھا جاتا تھا، مگر اب اس پر اعتماد کمزور پڑ چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرضوں کے بوجھ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ سن دو ہزار گیارہ میں قرض میں جکڑے ممالک کی تعداد بائیس تھی، جو اب بڑھ کر انسٹھ ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترقی پذیر ممالک اپنی ترقی پر سرمایہ کاری کے بجائے قرضوں کی ادائیگی پر زیادہ اخراجات کر رہے ہیں اور اب تو ترقی یافتہ ممالک بھی اس بحران کا شکار ہیں، جہاں امریکہ میں قومی قرضہ سینتیس کھرب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ہے اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب برکس اجلاس میں صحت، تجارت، سرمایہ کاری، مالیات، ماحولیاتی تبدیلی، مصنوعی ذہانت اور عالمی امن و سلامتی جیسے اہم موضوعات زیر بحث ہیں۔ برازیل اس اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔

Share it :