وینزویلا ایران، چین، کیوبا اور روس سے اقتصادی تعلقات ختم کرے، امریکا

Washington dc Washington dc

وینزویلا ایران، چین، کیوبا اور روس سے اقتصادی تعلقات ختم کرے، امریکا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی حکام نے وینزویلا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران، چین، کیوبا اور روس کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات ختم کرے، بصورت دیگر تیل کی پیداوار میں اضافے اور عالمی منڈی تک رسائی میں سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔ یہ بات امریکی ٹیلی وژن چینل کی ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق واشنگٹن نے وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز کے سامنے متعدد شرائط رکھی ہیں، جن میں سب سے اہم شرط یہ ہے کہ کاراکاس ان ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی روابط منقطع کرے جنہیں امریکا اپنے مفادات کے خلاف سمجھتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وینزویلا سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تیل کی پیداوار کے شعبے میں صرف امریکا کے ساتھ خصوصی تعاون پر آمادہ ہو اور امریکی توانائی کمپنیوں کو ترجیح دے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ وینزویلا کی عبوری حکومت نے امریکا کو کروڑوں بیرل خام تیل فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جبکہ تیل کے شعبے کی نگرانی اور انتظامی کنٹرول بھی واشنگٹن کے ہاتھ میں ہوگا۔

واضح رہے کہ تین جنوری کو امریکا نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کی تھی، جس کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکا منتقل کیا گیا۔ وینزویلا کی حکومت نے ان حملوں کو اپنی خودمختاری کے خلاف کھلی فوجی جارحیت قرار دیتے ہوئے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی تھی۔مبعد ازاں امریکی صدر نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ امریکا عبوری طور پر وینزویلا کے انتظامی معاملات سنبھالے گا۔ نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان پر منشیات اسمگلنگ کے الزامات عائد کیے گئے، جن کی دونوں نے تردید کی ہے۔ بین الاقوامی مبصرین کے مطابق امریکا کی جانب سے وینزویلا پر اقتصادی اور سیاسی دباؤ کا مقصد نہ صرف توانائی کے وسائل پر کنٹرول حاصل کرنا ہے بلکہ لاطینی امریکا میں اپنے اثر و رسوخ کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔

Advertisement