امریکہ نے یوکرین کو روسی سرزمین پر امریکی میزائل استعمال کرنے سے روک دیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق پینٹاگون نے یوکرین کو کئی ماہ سے امریکی ساختہ اے ٹی اے سی ایم ایس (اٹکمس) میزائل روسی سرزمین پر حملوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اخبار کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ یہ پابندی رواں سال کے موسمِ بہار کے اختتام سے عائد ہے اور اس کے بعد سے کیف کو روس کے اندر کسی بھی طویل فاصلے کے حملے کی اجازت نہیں ملی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ یوکرین کی جنگ ختم ہونی چاہیے۔ ان کے ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا کہ وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ صدر کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پینٹاگون کے پالیسی انڈر سیکریٹری ایلبرج کولبی نے ایک “جائزہ نظام” وضع کیا ہے، جس کے ذریعے یہ طے کیا جاتا ہے کہ یوکرین کو کب اور کس حد تک طویل فاصلے کے ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ اس فیصلے کا انحصار امریکی انٹیلی جنس اور ان میزائلوں میں استعمال ہونے والے امریکی پرزہ جات پر بھی ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یوکرین کو اے ٹی اے سی ایم ایس میزائلوں کی آخری کھیپ موسمِ بہار 2025 میں فراہم کی گئی تھی۔