خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

امریکا نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری پر انعام 5 کروڑ ڈالر کر دیا

Venezuela President Nicolas Maduro

امریکا نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری پر انعام 5 کروڑ ڈالر کر دیا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکا نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری یا معلومات فراہم کرنے پر انعامی رقم دوگنی کر کے 5 کروڑ ڈالر مقرر کر دی ہے۔ اس سے قبل جنوری میں ٹرمپ انتظامیہ نے ان پر 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا انعام رکھا تھا۔ امریکی حکام نے مادورو پر دنیا کے بڑے منشیات اسمگلروں میں شامل ہونے اور میکسیکو کے سینالوا کارٹیل سمیت مختلف نیٹ ورکس کے ساتھ مل کر امریکا میں فیٹنائل ملا کوکین بھیجنے کا الزام لگایا ہے۔ امریکی اٹارنی جنرل پم بونڈی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ “وہ دنیا کے سب سے بڑے منشیات فروشوں میں سے ایک اور ہماری قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے انعامی رقم کو دوگنا کیا گیا ہے۔” ان کے مطابق محکمہ انصاف اب تک مادورو سے منسلک 70 کروڑ ڈالر سے زائد کے اثاثے ضبط کر چکا ہے جن میں دو نجی طیارے، نو گاڑیاں اور کوکین کی بڑی مقدار شامل ہے۔

دوسری جانب وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان گل نے ٹیلی گرام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعلان امریکی سیاسی بحران سے توجہ ہٹانے کی ایک مضحکہ خیز کوشش” ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بونڈی خود اسکینڈلز میں ملوث ہیں اور وینزویلا کی خودمختاری کو بیچنے کی کوشش ناکام ہوگی۔ مادورو پر پہلی بار 2020 میں امریکی وفاقی عدالت نے منشیات سے متعلق الزامات عائد کیے تھے اور اس وقت ان کی گرفتاری پر 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا انعام رکھا گیا تھا، جو بعد میں بائیڈن انتظامیہ نے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کر دیا۔ جون میں وینزویلا کی فوجی انٹیلی جنس کے سابق سربراہ ہیوگو کارواخال نے امریکا میں منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی سے متعلق الزامات تسلیم کر لیے تھے۔ امریکی استغاثہ کے مطابق انہوں نے دیگر اعلیٰ حکومتی و فوجی عہدیداروں کے ساتھ مل کر امریکا کو کوکین سے “بھگونے” کی کوشش کی تھی۔

شئیر کریں: ۔