امریکی ایف-16 لڑاکا طیارہ کیلیفورنیا میں ٹریننگ کے دوران گر کر تباہ
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی فضائیہ کے ممتاز ایروبیٹک ڈیمونسٹریشن سکواڈرن “تھنڈر برڈز” کا ایف-16سی فائٹنگ فالکن لڑاکا طیارہ بدھ کی صبح ٹریننگ مشن کے دوران کیلیفورنیا کے صحرائی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ خوش قسمتی سے پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کر کے پیرا شوٹ کے ذریعے محفوظ طریقے سے زمین پر اترنے میں کامیابی حاصل کی۔
امریکی فضائیہ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ یہ حادثہ 3 دسمبر 2025 کو مقامی وقت صبح تقریباً 10:45 بجے پیش آیا۔ طیارہ لاس اینجلس شہر کے مرکز سے 130 میل شمال مشرق میں واقع ایک غیر آبادی والے صحرائی علاقے میں گرا، جو لائیو ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، “تھنڈر برڈز” کے پائلٹ نے کنٹرولڈ ایئر اسپیس میں ٹریننگ کے دوران ایف-16سی سے محفوظ طور پر ایجیکٹ کر لیا۔
حادثے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کریش سائٹ سے شعلوں اور دھوئیں کا ایک بہت بڑا ستون بلند ہوتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ کچھ فاصلے پر پائلٹ پیرا شوٹ کے ذریعے نیچے اترتا دکھائی دے رہا ہے۔ امریکی فضائیہ نے بتایا کہ پائلٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں فوری طبی امداد کے بعد اسپتال میں زیرِ نگرانی رکھا گیا ہے۔
یہ علاقہ امریکی فضائیہ اور بحریہ کے مشترکہ استعمال میں ہے جہاں لائیو بم اور میزائل ٹیسٹ کیے جاتے ہیں، اس لیے حادثے کے باوجود کوئی شہری جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ تاحال حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
رواں برس کے شروع میں پولینڈ کی ایف-16 ٹائیگر ڈیمو ٹیم کا ایک پائلٹ رادوم ایئر شو کے دوران ہائی سپیڈ بیرل رول مانوور کرتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔ بدھ کا حادثہ اسی نوعیت کا ہے لیکن خوش قسمتی سے امریکی پائلٹ بال بال بچ گیا۔