ایران کا امریکی افواج کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایرانی فوج نے امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں امریکی افواج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 560 تک پہنچ چکی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں خطے میں امریکی عسکری موجودگی کو کمزور کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جن کا مقصد مخالف کی جنگی صلاحیت محدود کرنا اور اسے مزید جارحانہ اقدامات سے باز رکھنا ہے۔
ایرانی فوج کے جاری کردہ تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت میں قائم ایک امریکی فوجی اڈے کو میزائل حملوں کے ذریعے مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا۔ بیان کے مطابق حملوں کے نتیجے میں اڈے کے انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا اور اس کی آپریشنل سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی منظم منصوبہ بندی، جدید عسکری حکمتِ عملی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر انجام دی گئی۔
ایرانی مؤقف کے مطابق خلیج میں موجود امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ’’ابراہام لنکن‘‘ کو بھی چار بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا اور اس کی جنگی صلاحیت متاثر ہوئی۔ ایرانی فوج نے اس اقدام کو خطے میں موجود امریکی عسکری اثاثوں کے لیے واضح پیغام قرار دیا ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایرانی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحری بیڑہ ’’ابراہام لنکن‘‘ مکمل طور پر محفوظ ہے اور ایرانی میزائل جہاز کے قریب تک نہیں پہنچ سکے۔ امریکی حکام کے مطابق دفاعی نظام نے حملے کو بروقت ناکام بنا دیا۔ تاہم مختلف مقامات پر ہونے والی جھڑپوں میں 3 امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور 5 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔