ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
عمان کے وزیر خارجہ بدر البدیسی نے کہا ہے کہ امریکا اپنی خارجہ پالیسی پر کنٹرول کھو چکا ہے اور اسرائیل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جنگ میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک امریکی اخبار میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں کہی۔ بدر البدیسی کے مطابق ایران کے ساتھ جاری جنگ ایک تباہ کن فیصلہ اور صورت حال کا غلط اندازہ لگانے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے لکھا کہ حوصلہ افزا بات چیت کے چند گھنٹوں بعد جو کچھ ہوا وہ حیرت سے زیادہ ایک شدید جھٹکے کے مترادف تھا، کیونکہ امریکا اور ایران امن معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے تھے۔ عمانی وزیر خارجہ نے اپنے مضمون میں مزید کہا کہ گزشتہ نو ماہ کے دوران یہ دوسری مرتبہ تھا کہ امریکا اور ایران ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے کسی معاہدے کے قریب پہنچے تھے۔ ان کے مطابق مذاکرات میں پیش رفت کے واضح امکانات موجود تھے اور دونوں فریق ایک ممکنہ حل کے قریب آ چکے تھے۔
انہوں نے لکھا کہ تاہم 28 فروری کو ہونے والے اہم مذاکرات کے چند ہی گھنٹوں بعد اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر کیے گئے فوجی حملوں نے اس ممکنہ امن عمل کو شدید نقصان پہنچایا اور مذاکراتی عمل کو بڑا دھچکا لگا۔