ایران پر اسرائیلی حملے سے امریکہ کا کوئی تعلق نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر اسرائیلی حملے کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ امریکہ کا اس کارروائی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے یہ بیان اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری کیا۔ ٹرمپ نے کہا آج رات ایران پر ہونے والے حملے سے امریکہ کا کوئی تعلق نہیں۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر انہیں موقع دیا جائے تو وہ ایران اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ آسانی سے طے کروا سکتے ہیں اور اس ’’خونی تنازع‘‘ کا خاتمہ ممکن ہے۔
اپنے پیغام میں ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے امریکہ پر کسی قسم کا حملہ کیا تو امریکی مسلح افواج پوری طاقت اور شدت سے جواب دیں گی۔ ٹرمپ کے اس بیان کو موجودہ کشیدہ صورت حال میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب اسرائیل کی جانب سے ایران کے جوہری اور عسکری مراکز پر فضائی حملے کیے گئے ہیں، جن میں ایرانی اعلیٰ فوجی افسران اور جوہری سائنس دان ہلاک ہوئے۔ ایران کی جوابی کارروائی میں بھی اسرائیلی علاقوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں خطے میں شدید تناؤ پیدا ہو چکا ہے۔