امریکہ اور پاکستان کے درمیان معدنیات کے شعبے میں 500 ملین ڈالر کا معاہدہ
اسلام آباد (صداۓ روس)
امریکہ اور پاکستان نے اہم معدنیات کی ترقی اور پروسیسنگ کے حوالے سے 500 ملین ڈالر مالیت کے دو مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ پاکستان میں معدنی وسائل کے بہتر استعمال اور کان کنی کے شعبے کی استعداد بڑھانے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی کمپنیوں یونائیٹڈ اسٹیٹس اسٹریٹجک میٹلز اور موٹہ اینگل کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور اس دوران وزیرِاعظم، چیف آف آرمی اسٹاف، وزیرِ پٹرولیم اور وفاقی وزیرِ تجارت سے ملاقاتیں کیں۔ وفد کو پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر، خصوصاً تانبے، سونے اور نایاب زمینی عناصر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر امریکی وفد نے پاکستان میں کان کنی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا۔
یہ دورہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی معاونت سے ترتیب دیا گیا جس نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کو مزید اجاگر کیا۔ معاہدے کے مطابق امریکی کمپنیاں پاکستان میں ویلیو ایڈیشن کی سہولیات قائم کریں گی، معدنیات کی پروسیسنگ کی استعداد بڑھائیں گی اور کان کنی کے ساتھ وابستہ بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گی۔ ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی منڈی تک پہنچانے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ خاص طور پر نایاب زمینی عناصر کی ترقی اور لاجسٹکس سہولیات کی فراہمی کے لیے کیا گیا تعاون مستقبل میں پاکستان کو خطے میں ایک اہم کھلاڑی بنا سکتا ہے۔