وائٹ ہاؤس کی امریکی صدر کے دورۂ پاکستان کی خبروں کی سختی سے تردید
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر کے مجوزہ دورۂ پاکستان سے متعلق پاکستانی میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کو وائٹ ہاؤس نے مکمل طور پر جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فی الحال پاکستان کے دورے کا کوئی شیڈول موجود نہیں ہے، اور ایسی خبروں کی کوئی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ گزشتہ روز بعض پاکستانی ذرائع ابلاغ نے یہ رپورٹ دی تھی کہ امریکی صدر 18 ستمبر کو اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں ان کی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ تاہم اس خبر کے سامنے آتے ہی پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان شفقت علی نے وضاحت کی کہ انہیں اس بارے میں کسی قسم کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
اس معاملے پر برطانوی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے بھی کہا کہ اس قسم کے دورے کی تصدیق صرف وائٹ ہاؤس کی جانب سے ہی کی جا سکتی ہے، لیکن “فی الحال ہمارے پاس اعلان کے لیے کچھ نہیں ہے۔ دوسری جانب، پاکستانی وزارتِ اطلاعات نے بھی اس خبر پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ واضح ہو چکا ہے کہ امریکی صدر کے مجوزہ دورے کی خبریں قیاس آرائی پر مبنی ہیں جن کی کوئی سرکاری حیثیت نہیں۔ وائٹ ہاؤس اور امریکی سفارت خانے کی وضاحت کے بعد ان خبروں کی حقیقت سامنے آ گئی ہے، اور انہیں محض افواہیں قرار دیا جا رہا ہے۔