ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث بڑھنے والی تیل کی قیمتیں معمول پر آنے کے بعد روسی تیل پر عائد پابندیوں کو دوبارہ بحال کر دے گا۔ انہوں نے یہ بات امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل پر عائد بعض پابندیوں کو عارضی طور پر نرم کرنے کے فیصلے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ دنیا کے لیے تیل کی فراہمی برقرار رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی موجودہ بحران ختم ہوگا، روسی تیل سے متعلق پابندیاں دوبارہ نافذ کر دی جائیں گی۔ اس سے قبل امریکی محکمہ خزانہ نے ان جہازوں کے ذریعے روسی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت اور ترسیل پر عائد پابندیاں عارضی طور پر نرم کر دی تھیں جن پر بارہ مارچ سے قبل تیل لوڈ کیا گیا تھا۔ امریکی محکمہ خزانہ کے ذیلی ادارے آفس آف فارن ایسیٹس کنٹرول کی جانب سے جاری کیے گئے عمومی لائسنس کے مطابق اس اجازت کے تحت روسی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت اور ترسیل سے متعلق کارروائیاں گیارہ اپریل تک جاری رکھی جا سکتی ہیں۔