اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

ازبکستان اور افغانستان کے درمیان حیرتان ریلوے معاہدے کی تجدید

railway line

ازبکستان اور افغانستان کے درمیان حیرتان ریلوے معاہدے کی تجدید

تاشقند (صداۓ روس)
افغان وزارتِ تعمیرات عامہ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ حیرتان تا مزارِ شریف ریلوے لائن کے آپریشن اور دیکھ بھال کے معاہدے کو ازبک کمپنی “سوگدیانہ ٹرانس” کے ساتھ مزید دو سال کے لیے توسیع دے دی گئی ہے۔ وزارت کے ترجمان محمد اشرف حقشنس نے “ایکس” پر بتایا کہ نائب وزیر برائے ریلوے، مولوی محمد اسحاق صاحب زادہ اور اُن کے وفد نے ازبکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران، نائب وزیر اور ازبکستان کی سوگدیانہ ٹرانس کمپنی کے سی ای او کے درمیان 2025 اور 2026 کے لیے حیرتان–مزارِ شریف ریلوے لائن کے آپریشن اور دیکھ بھال کے معاہدے کی تجدید کی گئی۔

حقشنس نے مزید بتایا کہ اس دورے میں افغان نائب وزیر اور ازبک ریلوے کے سربراہ کے درمیان افغان-ٹرانس منصوبے کے فزیبلٹی اسٹڈی کے آغاز پر بھی معاہدہ طے پایا۔ مزارِ شریف سے ہرات تک ریلوے لائن کے سروے اور ڈیزائن کے کام کو آگے بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ حیرتان روٹ پر ریلوے کی مرمت کے منصوبے کو بھی توسیع دینے کے لیے ایک علیحدہ معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق، ازبکستان، افغانستان، اور پاکستان کے درمیان افغان-ٹرانس منصوبے پر عملی پیش رفت کے حوالے سے سہ فریقی مذاکرات بھی ہوئے، جس میں ازبکستان نے فزیبلٹی اسٹڈی کی مالی معاونت کا وعدہ کیا ہے، جو جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔ وزارت کے مطابق، مزارِ شریف تا ہرات ریلوے لائن کے سروے اور ڈیزائن کا کام پہلے ہی ازبکستان کی جانب سے جاری ہے۔

Share it :