اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

ویلنٹینا تریشکوفا: خلا میں جانے والی پہلی خاتون، تاریخی سفر کی 62ویں سالگرہ

Valentina Tereshkova

ویلنٹینا تریشکوفا: خلا میں جانے والی پہلی خاتون، تاریخی سفر کی 62ویں سالگرہ

ماسکو (صداۓ روس)
آج سے ٹھیک 62 سال قبل، 16 جون 1963 کو سوویت خلا باز ویلنٹینا تریشکوفا نے وہ کارنامہ انجام دیا جو تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا گیا — وہ خلا میں جانے والی دنیا کی پہلی خاتون بن گئیں۔ ان کا یہ یادگار سفر، یوری گاگارین کی تاریخی پرواز کے صرف دو سال بعد، سوویت خلائی پروگرام کی ایک اور شاندار کامیابی کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔ وسٹوک-6 خلائی جہاز پر سوار ہو کر، 26 سالہ تریشکوفا نے زمین کے گرد تقریباً تین دن میں 48 چکر مکمل کیے۔ یہ مشن صرف ایک سائنسی تجربہ ہی نہیں تھا، بلکہ اس کا مقصد خلا میں عورت کے جسم پر اثرات کا مطالعہ بھی تھا۔ ساتھ ہی یہ اعلان بھی تھا کہ خلا اب صرف مردوں کا میدان نہیں رہا۔ تریشکوفا نے یہ سفر اکیلی طے کیا — اور آج تک کوئی اور خاتون ایسی تنہا خلائی پرواز نہیں کر سکی۔ دورانِ پرواز ان کا ریڈیو رابطہ وسٹوک-5 کے پائلٹ ویلیری بائکوفسکی سے قائم رہا۔ کامیاب واپسی پر، انہوں نے التائی کے علاقے میں مقامی افراد کے ساتھ اپنا خلائی راشن بھی خوشی خوشی بانٹا، اور ان کے ساتھ آلو اور کومس (روایتی مشروب) کھا کر جشن منایا۔

وہ نہ صرف پہلی خاتون خلا باز بنیں بلکہ انہیں ہیرو آف دی سوویت یونین کا اعزاز ملا، 18 شہروں کی اعزازی شہری بنیں، اور دنیا بھر سے متعدد اعزازات حاصل کیے۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف سوویت عوام بلکہ دنیا بھر کی لڑکیوں اور عورتوں کے لیے حوصلے اور خوابوں کا ذریعہ بنی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان کے بعد اگلی خاتون کو خلا میں جانے کے لیے انیس سال انتظار کرنا پڑا — اور وہ بھی ایک سوویت شہری تھیں: سویتلانا ساوتسکایا، جنہوں نے 1982 میں خلائی سفر کیا۔

ویلنٹینا تریشکوفا نہ صرف چھٹی سوویت خلا باز تھیں بلکہ خلاء میں جانے والی بارہویں انسان اور زمین کے گرد چکر لگانے والی سب سے کم عمر خاتون ہیں۔ ان کی بیٹی کو بھی ایک انوکھا اعزاز حاصل ہے — وہ دنیا کی پہلی انسان ہے جو دو خلا باز والدین کی اولاد ہے۔ یہ عظیم خاتون آج بھی خلا نوردی کی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش علامت کے طور پر زندہ ہیں۔

Share it :