امریکی حملے میں وینزویلا کے صدر اور اہلیہ کو ملک سے باہر منتقل کردیا، ڈونلڈ ٹرمپ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر امریکی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو پکڑ کر ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی انتہائی کامیاب رہی اور امریکا نے بڑے پیمانے پر کارروائی کی۔ دوسری جانب وینزویلا کے نائب صدر نے کہا کہ انہیں صدر اور ان کی اہلیہ کی موجودگی یا جگہ کے بارے میں علم نہیں ہے اور ان سے مطالبہ کیا کہ دونوں شخصیات کے زندہ ہونے کا ثبوت فراہم کیا جائے۔ موجودہ صورتحال پر کولمبیا کے صدر نے سرحد پر فوج تعینات کرنے کا اعلان کیا۔ اسپین نے وینزویلا میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی قوانین کے احترام کا مطالبہ کیا۔ روس نے امریکی حملوں پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے ان کی مذمت کی اور زور دیا کہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے بات چیت کے ذریعے حل تلاش کیا جائے۔ روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ لاطینی امریکا کو “زون آف پیس” رہنا چاہیے اور وینزویلا کو بیرونی فوجی مداخلت کے بغیر اپنی تقدیر خود طے کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ وینزویلا کی حکومت نے بھی امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے کاراکاس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں کیے گئے۔ حکومت نے دعویٰ کیا کہ امریکی حملوں کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنی وسائل پر قبضہ کرنا ہے، تاہم امریکا اپنے منصوبے میں کامیاب نہیں ہوگا۔ وینزویلا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور حکومت نے امریکی فوجی جارحیت کو مسترد کیا ہے۔