انٹرنیشنل ڈیسک (صدائے روس)
بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کے اہم کھلاڑی ویرات کوہلی دوران میچ ایک غیر معمولی لمحے کا شکار ہو گئے۔ راجستھان رائلز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران ایک موقع پر ان کی دل کی دھڑکن تیز ہو گئی، جس کے باعث انہوں نے مخالف ٹیم کے وکٹ کیپر سنجو سیمسن سے دھڑکن چیک کرنے کی درخواست کر دی۔
یہ دلچسپ مگر فکر انگیز لمحہ اس وقت پیش آیا جب کوہلی نے ایک رن مکمل کرنے کے بعد سینے پر ہاتھ رکھا اور سنجو سیمسن کی طرف اشارہ کیا کہ وہ ان کی نبض چیک کریں۔ سنجو سیمسن نے فوراً اپنے وکٹ کیپنگ گلوز اتارے اور کوہلی کے دل کی دھڑکن چیک کی۔ اگرچہ سنجو نے مسکرا کر اشارہ دیا کہ سب کچھ نارمل ہے، لیکن کوہلی کے چہرے پر ہلکی سی پریشانی صاف دیکھی جا سکتی تھی۔
اس غیر معمولی لمحے کے بعد گراؤنڈ میں موجود طبی عملہ فوری طور پر حرکت میں آیا اور ویرات کوہلی کو کچھ وقت کے لیے میدان میں ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ اس واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں، جس نے ان کے مداحوں کے درمیان تشویش کی لہر دوڑا دی۔
مداحوں کو وقتی طور پر لگا کہ شاید کوہلی کو کسی بڑی طبی مشکل کا سامنا ہے، تاہم چند لمحوں بعد جب وہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو شائقین نے سکون کا سانس لیا۔
اسی میچ میں ویرات کوہلی نے ایک اور شاندار کارنامہ سر انجام دیا۔ انہوں نے اپنی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی 100 ویں نصف سنچری مکمل کی۔ ان کی اننگز 56 رنز پر مشتمل تھی، جس میں 24 سنگلز، 3 ڈبل، 4 چوکے اور 2 شاندار چھکے شامل تھے۔
ویرات کوہلی نے اب تک اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں 409 میچز کھیلتے ہوئے 100 ففٹیز اور 9 سنچریاں اسکور کی ہیں، جو کہ اس فارمیٹ میں ان کے تجربے، تسلسل اور مہارت کا واضح ثبوت ہیں۔
اگرچہ دل کی دھڑکن کا یہ واقعہ وقتی طور پر سنجیدہ محسوس ہوا، لیکن ویرات کوہلی کی بعد ازاں معمول کی بیٹنگ اور خوش مزاجی نے مداحوں کے دلوں کو سکون دیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی، دباؤ یا تھکن کے باعث ایسی کیفیت ہو سکتی ہے، لیکن کھلاڑی کی جسمانی فٹنس اور فوری طبی امداد نے صورتحال کو سنبھالنے میں مدد دی۔