پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند، موٹر ویز بند، ٹریفک متاثر

Fog Fog

پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند، موٹر ویز بند، ٹریفک متاثر

اسلام آباد (صداۓ روس)
پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں صبح کے اوقات میں شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مقامات پر موٹر ویز اور قومی شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں دھند کی شدت میں اضافے کے باعث موٹر وے ایم ٹو بلکسر سے کوٹ مومن تک بند رہی۔ اسی طرح لاہور سے کوٹ مومن تک بھی موٹر وے ایم ٹو کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا۔ بھکر شہر اور اس کے گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ حافظ آباد اور مضافاتی علاقوں میں دھند کے ساتھ سردی کی شدت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حافظ آباد کے قریب موٹر وے ایم ٹو پنڈی بھٹیاں سے ٹھوکر نیاز بیگ تک بند رہی، جبکہ موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک معطل رہی۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پیر محل اور رجانہ کے اطراف شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹر وے ایم تھری کو چار مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا۔ اسی طرح موٹر وے ایم تھری لاہور سے درخانہ تک بھی دھند کے باعث بند رہی۔ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم گیارہ، موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک اور موٹر وے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند رہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق شکرگڑھ شہر اور اس کے گرد و نواح میں بھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ اس کے علاوہ چیچہ وطنی اور مضافاتی علاقوں میں دھند اور سردی میں اضافہ ہوا، جس کے باعث قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔ ملتان، فیصل آباد، کمالیہ اور گرد و نواح میں بھی دھند کے باعث موٹر ویز اور ہائی ویز پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دورانِ سفر فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔

Advertisement