صدر پوتن کا بیشکیک میں بھرپور استقبال

Putin Putin

صدر پوتن کا بیشکیک میں بھرپور استقبال

بیشکیک (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن کرغیزستان کے سرکاری دورے پر دارالحکومت بیشکیک پہنچ گئے، جہاں وہ نہ صرف دو طرفہ مذاکرات میں حصہ لیں گے بلکہ اجتماعی سکیورٹی معاہدہ تنظیم کے اجتماعی سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ ماناس ایئرپورٹ پر صدر پوتن کا استقبال کرغیزستان کے صدر سادر ژاپاروف نے کیا۔ استقبالیہ کے موقع پر دونوں ممالک کے پرچم فضا میں لہرائے گئے، دستۂ اعزاز نے سلامی پیش کی جبکہ روایتی بینڈ نے خوش آمدیدی دھن بجائی۔ تقریب کے دوران قومی رقص، سنہری عقابوں اور شکاری کتوں کے ساتھ قرغیزی شکار کی روایتی تکنیک کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر لوک موسیقی کا مختصر پروگرام بھی پیش کیا گیا۔

سرکاری دورے کے دوران صدر ولادیمیر پوتن اور صدر سادر ژاپاروف کے درمیان مذاکرات میں روس اور قرغیزستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری اور اتحادی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین متعدد سرکاری، بین الحکومتی اور کاروباری معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، جبکہ سربراہانِ مملکت کا مشترکہ بیان بھی متوقع ہے۔

Advertisement

ادھر اجتماعی سکیورٹی معاہدہ تنظیم (سی ایس ٹی او) کی اجتماعی سکیورٹی کونسل کا اجلاس رواں سال کے تعاون کے نتائج کا جائزہ لے گا اور مستقبل میں اجتماعی سکیورٹی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اہم ترجیحات طے کرے گا۔ صدر پوتن تنظیم میں روس کی سن 2026ء کی زیرصدارت ترجیحات پر بھی شرکا کو بریفنگ دیں گے۔