اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

واہگہ بارڈر، 3 روز میں 536 پاکستانی اپنے وطن جبکہ 849 افراد بھارت روانہ،

لاہور(صدائے روس)

بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو ہندوستان چھوڑنے کی دی گئی مہلت ختم ہو گئی، جس کے نتیجے میں تین روز کے دوران 536 پاکستانی شہری انڈیا سے واپس پاکستان پہنچے، جبکہ اسی مدت میں پاکستان سے 849 بھارتی شہری اپنے وطن روانہ ہو گئے۔

سرحد کے دونوں اطراف کئی خاندان اب بھی واپسی کی امیدوں سے جڑے بیٹھے ہیں۔ ادھر جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے بھارتی پنجاب کے سرحدی اضلاع میں کسانوں کو حکم دیا ہے کہ وہ دو روز کے اندر اپنی فصلیں کاٹ کر زمینیں خالی کریں۔

بارڈر سیکیورٹی فورس کی جانب سے امرتسر، ترن تارن، فیروز پور اور فاضلکا کے دیہات میں اعلانات کرائے گئے کہ زیرو لائن کے نزدیک موجود کھیت فوری طور پر خالی کر دیے جائیں۔

دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کے ان اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ مودی سرکار کا جنگی جنون اپنے عروج پر ہے۔ اتوار کے روز مزید 236 پاکستانی شہری انڈیا سے واپس آئے، جبکہ 115 بھارتی شہری پاکستان سے واپسی اختیار کر چکے ہیں۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہندو برادری کو جاری کیے گئے طویل مدتی ویزے بدستور مؤثر رہیں گے۔

Share it :