کیف میں پانی اور حرارتی نظام ہنگامی طور پر بند، بجلی کی بندش جاری

Heating Heating

کیف میں پانی اور حرارتی نظام ہنگامی طور پر بند، بجلی کی بندش جاری

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
یوکرین کے دارالحکومت کیف میں پانی اور حرارتی نظام کو ہنگامی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ کیف سٹی اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن نے 10 جنوری کو اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نیشنل انرجی کمپنی یوکر اینرگو کے احکامات پر شہر میں ہنگامی بجلی کی بندش نافذ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پانی اور ہیٹنگ سسٹمز کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔ شہری انتظامیہ کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث کیف میں الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل کر دی گئی ہے، تاہم متبادل بس روٹس متعارف کرا دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہنگامی خدمات بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔ ادھر آر بی سی یوکرین نے اپنی ٹیلیگرام رپورٹ میں وزیراعظم یولیا سویر یڈینکو کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہر میں حرارتی نظام ہفتے کے اختتام، یعنی 10 جنوری تک مکمل طور پر بحال کیے جانے کی توقع ہے۔ تاہم ان کے مطابق ہنگامی بجلی کی بندش تاحال جاری ہے۔

گزشتہ روز کیف سٹی اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن نے یہ بھی بتایا تھا کہ شہر کی زیادہ تر رہائشی عمارتوں میں حرارتی نظام کا پانی نکال دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق شدید سرد موسم میں ہنگامی حالات کے دوران یہ ایک معمول کا تکنیکی عمل ہے، جس کا مقصد حرارتی آلات کو ممکنہ نقصان سے بچانا ہوتا ہے۔ انتظامیہ نے وضاحت کی کہ پانی نکالنے کا یہ عمل اس بات کی علامت نہیں کہ حرارتی نظام طویل عرصے کے لیے بند کیا جا رہا ہے، بلکہ تکنیکی ضوابط کے تحت چند گھنٹوں یا ایک دن کی بندش کی صورت میں بھی یہ اقدام کیا جاتا ہے تاکہ نظام کو محفوظ رکھا جا سکے۔

Advertisement