بلوچ قوم کے ساتھ مل کر بھارت کو شکست دیں گے، خواجہ آصف

Khawaja Asif Khawaja Asif

بلوچ قوم کے ساتھ مل کر بھارت کو شکست دیں گے، خواجہ آصف

اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا اور بلوچ قوم کے تعاون سے بھارت اور افغانستان کی سرپرستی میں ہونے والی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ دفاع نے کہا کہ بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد عناصر دراصل افغانستان کے ایجنٹ ہیں جو ریاست کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر پاکستان کے دشمنوں کے ایجنٹ ہیں اور بیرونی پشت پناہی کے ذریعے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران بلوچستان میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، جہاں سڑکوں، تعلیمی اداروں اور دیگر بنیادی ڈھانچے پر کام کیا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ جمہوری کلچر بلوچ عوام کا حق ہے اور انہیں اپنے وسائل پر مکمل اختیار حاصل ہونا چاہیے۔

وزیرِ دفاع نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عام عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ریاستی مؤقف میں کوئی کمزوری نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم کے تعاون سے دشمنوں کی ہر سازش کو شکست دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی تحویل میں ہے اور پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جنگ میں شکست کے بعد بھارت اب پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف جارحیت کر رہا ہے، تاہم بلوچ عوام کے ساتھ مل کر اس پراکسی جنگ میں بھی بھارت اور افغانستان کو شکست دی جائے گی۔

Advertisement