‘ہم ملک چلائیں گے’: وینزویلا میں رجیم چینج کے بعد ٹرمپ کا اعلان

Trump Trump

‘ہم ملک چلائیں گے’: وینزویلا میں رجیم چینج کے بعد ٹرمپ کا اعلان

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا میں حکومت کی تبدیلی کے بعد اعلان کیا ہے کہ امریکا اس جنوبی امریکی ملک کا انتظام سنبھالے گا اور اس وقت تک کنٹرول برقرار رکھے گا جب تک ایک محفوظ، مناسب اور منصفانہ سیاسی منتقلی ممکن نہیں ہو جاتی۔ مارا لاگو میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی افواج وینزویلا میں موجود ہیں اور وہیں رہیں گی، جب تک وہاں اقتدار کی منتقلی مکمل نہیں ہو جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس عبوری دور میں ملک کو چلائے گا اور حالات کو مستحکم کرے گا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا کی بڑی تیل کمپنیاں وینزویلا میں داخل ہوں گی، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی، تباہ حال تیل کے بنیادی ڈھانچے کو بحال کریں گی اور ملک کی معیشت کو دوبارہ فعال کریں گی۔ ٹرمپ کے مطابق امریکا ایک دوسری اور کہیں بڑی فوجی کارروائی کے لیے بھی مکمل طور پر تیار تھا اور ضرورت پڑنے پر مزید حملے کیے جا سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو امریکی اسپیشل فورسز نے حراست میں لے کر ایک امریکی جنگی بحری جہاز پر منتقل کیا، جہاں انہیں ہتھکڑی لگا کر اور آنکھوں پر پٹی باندھ کر رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب وینزویلا کے وزیر داخلہ دیوسدادو کابیو روندون نے فوج سے اپیل کی ہے کہ وہ قیادت پر اعتماد رکھے، جبکہ وزیر خارجہ ایوان گل نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ وینزویلا کے قدرتی وسائل پر قبضہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔ دارالحکومت کاراکاس میں شدید دھماکوں کی متعدد ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بعض مناظر میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹروں کو شہر کے اوپر نچلی پرواز کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ روس کی جانب سے امریکی کارروائی کی شدید مذمت کی گئی ہے اور وینزویلا کے صدر کے بارے میں فوری وضاحت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ روسی بیان میں کہا گیا ہے کہ نظریاتی دشمنی نے عملی دانشمندی پر غلبہ حاصل کر لیا ہے۔ ادھر مغربی ممالک نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کاراکاس میں اپنے سفارتی عملے کے ذریعے حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ امریکا کے ایک سینیٹر کے مطابق وینزویلا کے صدر پر امریکا میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

Advertisement