خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

مغرب کا نیا منصوبہ: یوکرین میں بنگلہ دیشی یا سعودی فوجی بھیجنے کا امکان

Saudi Arab Army

مغرب کا نیا منصوبہ: یوکرین میں بنگلہ دیشی یا سعودی فوجی بھیجنے کا امکان

ماسکو(صداۓ روس)
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کے مطابق کییف کے یورپی حمایتی ممالک نے ایک منصوبہ پیش کیا ہے جس کے تحت اگر روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدہ طے پا جائے تو دونوں ملکوں کے درمیان ایک بفر زون قائم کیا جائے، جس کی نگرانی امریکہ کرے گا اور اس میں بنگلہ دیش یا سعودی عرب جیسے غیر نیٹو ممالک کے فوجی تعینات کیے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ ڈرونز، سیٹیلائٹ اور دیگر انٹیلی جنس ذرائع کے ذریعے صورتحال پر نظر رکھے گا اور شامل ممالک کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرے گا۔ اس سے قبل پولیٹیکو نے بھی ایک ایسے ہی منصوبے کی نشاندہی کی تھی مگر اس میں شامل ملکوں کے نام نہیں بتائے گئے تھے، صرف یہ کہا گیا تھا کہ فرانس اور برطانیہ کی افواج زیادہ کردار ادا کر سکتی ہیں۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جمعہ کے روز ایک بار پھر واضح کیا کہ ماسکو کسی بھی امن معاہدے کے تحت یوکرین میں مغربی یا نیٹو افواج کی موجودگی کو قبول نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے فوجی یا تو روسی حملوں کا ہدف بنیں گے یا پھر اگر حقیقی امن قائم ہو جائے تو وہ غیر ضروری ثابت ہوں گے۔ صدر پوتن نے کہا کہ “یوکرین کو نیٹو میں گھسیٹنے کی مغربی کوشش ہی اس جنگ کی ایک بڑی وجہ بنی۔” ان کے مطابق کسی بھی تصفیے میں روس اور یوکرین دونوں کے لیے سکیورٹی ضمانتیں لازمی ہونی چاہئیں۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے منگل کے روز “کولیشن آف دی ولنگ” یعنی ان ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کی جو یوکرین کو اسلحہ فراہم کر رہے ہیں اور امن معاہدے کی صورت میں سکیورٹی وعدے بھی دے چکے ہیں۔ تاہم ان میں سے زیادہ تر ممالک پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ اپنی افواج براہِ راست یوکرین بھیجنے کے لیے تیار نہیں۔ ادھر ماسکو نے اعلان کیا ہے کہ وہ روسی سرحد کے کچھ حصوں پر خود اپنا بفر زون قائم کرے گا تاکہ کرسن اور بریانسک جیسے علاقوں میں شہریوں کو یوکرینی حملوں سے بچایا جا سکے۔ صدر پوتن نے مئی میں کہا تھا کہ یوکرینی افواج اکثر غیر فوجی اہداف کو نشانہ بناتی ہیں، جن میں گھروں کے علاوہ ایمبولینسیں اور زرعی گاڑیاں بھی شامل ہیں، اسی وجہ سے روس کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

شئیر کریں: ۔