مغرب روس اور چین کے درمیان اختلافات پیدا نہیں کرسکتا، سرگئی شوئیگو
ماسکو (صداۓ روس)
روس کی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سرگئی شوئیگو نے کہا ہے کہ مغربی ممالک روس اور چین کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم وہ اپنے اس مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ملاقات کے بعد کہی۔ روسی سلامتی کونسل کی پریس سروس کے مطابق سرگئی شوئیگو نے کہا کہ مغرب روس اور چین کے اسٹریٹجک اتحاد میں دراڑ ڈالنے کا خواب دیکھ رہا ہے، مگر ماسکو اور بیجنگ نہ تو خاموش بیٹھیں گے اور نہ ہی کسی جانبدارانہ الزامات کو برداشت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک باہمی اتحاد کے خلاف پھیلائے جانے والے تعصبانہ بیانیے کو مسترد کرتے ہیں۔ شوئیگو کے مطابق یہ ملاقات انتہائی بروقت تھی، کیونکہ مغربی ممالک نے اپنی پالیسیوں کو جائز ثابت کرنے کے لیے روس اور چین کے نام نہاد خطرے کو بنیاد بنانا معمول بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور چین کے درمیان خارجہ پالیسی میں ہم آہنگی کی سطح روایتی طور پر بلند ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک شانہ بشانہ کھڑے ہو کر عالمی اور علاقائی استحکام کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے نظام پر مبنی بین الاقوامی قانون کے دفاع کے لیے مناسب اقدامات کرتے رہیں گے۔
سرگئی شوئیگو نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ روس اور چین شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس کے پلیٹ فارمز کے اندر اپنے تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔ ان کے مطابق یہ فورمز باہمی احترام پر مبنی بین الریاستی تعاون کی مثال ہیں اور یہ کسی محدود گروہ کے بجائے عالمی اکثریت کے مفادات کی عکاسی کرتے ہیں، جو خود کو برتر سمجھتے ہیں۔