روس میں واٹس ایپ رواں سال مکمل طور پر بند کیے جانے کا امکان
ماسکو (صداۓ روس)
روسی پارلیمان اسٹیٹ ڈوما کی انفارمیشن پالیسی، آئی ٹی اور کمیونی کیشنز کمیٹی کے نائب چیئرمین آندرے سوینتسوف نے کہا ہے کہ واٹس ایپ کو روس میں 2026 کے دوران مکمل طور پر بلاک کر دیا جائے گا اور یہ فیصلہ آئندہ سال ہونے والے انتخابات کے تناظر میں مکمل طور پر درست اور جائز ہے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس سے گفتگو کرتے ہوئے آندرے سوینتسوف نے کہا کہ ان کے خیال میں رواں سال کے اختتام تک روسی ٹیلی کام ریگولیٹر روسکومنادزور واٹس ایپ کی حتمی بندش کے لیے اقدامات کا ایک پیکج نافذ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ میٹا کی ملکیت ہے، جسے روس میں انتہاپسند تنظیم قرار دیا جا چکا ہے، اور اسی لیے خاص طور پر انتخابی سال سے قبل ایسے سخت اقدامات بالکل درست ہیں۔ سوینتسوف کے مطابق ان کے زیادہ تر دوست اور جاننے والے کافی عرصہ پہلے ہی واٹس ایپ چھوڑ کر ٹیلیگرام یا قومی میسنجر ’میکس‘ پر منتقل ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 13 اگست کو روسی ٹیلی کام نگران ادارے نے اعلان کیا تھا کہ ٹیلیگرام اور واٹس ایپ پر کالز کو جزوی طور پر محدود کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں، کیونکہ یہ میسنجرز دھوکہ دہی، مالی بلیک میلنگ اور روسی شہریوں کو تخریبی و دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال ہو رہے تھے۔ حکام کے مطابق واٹس ایپ کے خلاف اقدامات اس لیے بھی جاری ہیں کیونکہ یہ روسی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔