خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

سیلاب: دنیا نے پاکستان کیلئے امداد کے خزانے کھول دئیے

Flood in Pakistan

سیلاب: دنیا نے پاکستان کیلئے امداد کے خزانے کھول دئیے

اسلام آباد (صداۓ روس)
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن مون سون سیلاب کے متاثرین کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے ملنے والے 10 لاکھ ڈالر کے عطیے سے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرے گا۔ یہ امداد چاروں صوبوں کے 33 ہائی رسک اضلاع میں تقریباً 4 لاکھ 65 ہزار متاثرہ افراد کی صحت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال ہوگی۔ حکام کے مطابق یہ امداد وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بیماریوں کی نگرانی اور وباؤں کے خلاف فوری ردعمل کی صلاحیت بہتر بنانے، ضروری ادویات کی فراہمی اور متاثرہ برادریوں کے ساتھ رسک کمیونیکیشن کو مضبوط کرنے میں مدد دے گی۔ منصوبہ آئندہ چھ ماہ تک جاری رہے گا اور اس میں خاص توجہ حاملہ خواتین، پانچ سال سے کم عمر بچوں، بزرگوں، معذور افراد اور بے گھر خاندانوں پر دی جائے گی۔

پاکستان اس وقت شدید ماحولیاتی بحران کا شکار ہے۔ قومی آفات انتظامیہ (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک بھر میں جون سے اب تک 802 سے زائد افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ 90 کے قریب صحت کے مراکز اور ہزاروں مکانات تباہ ہوئے ہیں۔ صرف خیبر پختونخوا میں 450 اموات، 265 زخمی اور 8 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے، جہاں درجنوں اسپتال، مکانات اور اسکول سیلاب کی نذر ہوگئے۔ ڈبلیو ایچ او پاکستان کے نمائندہ ڈاکٹر داپینگ لو نے متاثرہ ضلع صوابی کے دورے کے موقع پر کہا ہم گیٹس فاؤنڈیشن کے بروقت تعاون پر شکر گزار ہیں۔ یہ امداد نہ صرف زندگی بچانے میں مدد دے گی بلکہ مستقبل میں زیادہ مضبوط اور پائیدار صحت کا نظام قائم کرنے کے لیے بھی اہم ہے.

سیلاب کے بعد سے ڈبلیو ایچ او نے فوری طبی امداد پہنچائی ہے۔ صرف خیبر پختونخوا میں سیلاب کے اگلے دن 15 ہزار مریضوں کے علاج کے لیے ادویات بھیجی گئیں جبکہ جون سے اب تک مجموعی طور پر 3 لاکھ 80 ہزار افراد کے لیے طبی سامان فراہم کیا گیا۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کھڑے پانی اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی سے آبی اور مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے، اس لیے فوری اور مسلسل اقدامات ضروری ہیں تاکہ مزید جانی نقصان اور تکالیف سے بچا جا سکے۔

شئیر کریں: ۔