اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

کینیڈا میں جنگل کی آگ پھیل گئی، ہنگامی حالت نافذ

wildfires

کینیڈا میں جنگل کی آگ پھیل گئی، ہنگامی حالت نافذ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
کینیڈا کے صوبے مانٹوبا میں خطرناک جنگلاتی آگ کے باعث ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ سترہ ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔ صوبے کے وزیرِاعلیٰ واب کینیو نے اعلان کیا کہ یہ انخلا اس صوبے کی حالیہ تاریخ کا سب سے بڑا انخلا ہے۔ وزیرِاعلیٰ نے کہا یہ مانٹوبا کی تاریخ کا سب سے بڑا انخلا ہے جو بیشتر لوگوں کی یادداشت میں پہلی بار ہو رہا ہے۔

آگ کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت سے مدد طلب کی گئی، جس پر وزیرِاعظم مارک کارنی نے فوجی دستے روانہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ فوجی عملہ لوگوں کے انخلا اور رہائش کے انتظامات میں معاونت فراہم کرے گا۔ شدید خطرے کے پیش نظر، فلن فلان نامی شہر کی تمام پانچ ہزار کی آبادی کو رات بارہ بجے تک علاقہ خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہر کے میئر جارج فانٹین نے کہا کہ وہ خود بھی گھر خالی کر رہے ہیں اور سب لوگ ضروری سامان لے کر جنوب کی طرف ہائی وے نمبر دس کے ذریعے روانہ ہو رہے ہیں، جو براہ راست صوبائی دارالحکومت وِنی پِیگ کی طرف جاتی ہے۔ فلن فلان شہر وِنی پِیگ سے تقریباً چھ سو تینتالیس کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔

آگ کا آغاز پیر کے روز ہمسایہ صوبے سَسکیچیوان کے شمالی علاقے میں ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے بے قابو ہو کر مانٹوبا میں داخل ہو گئی۔ قریبی شہر کریئٹن کی بارہ سو افراد پر مشتمل آبادی کو بھی علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

آگ بجھانے والے عملے کو اس وقت دشواری کا سامنا کرنا پڑا جب آگ پر قابو پانے کے لیے استعمال ہونے والے پانی برسانے والے طیارے ایک ڈرون کی موجودگی کے باعث پرواز نہیں کر سکے۔

حکام کے مطابق، مانٹوبا میں اس وقت بائیس مقامات پر آگ بھڑک رہی ہے، اور پورے ملک سے فائر بریگیڈ کا عملہ ان پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اتوار کے روز پارکس کینیڈا کا ایک فائر فائٹر شدید زخمی ہو گیا۔
حکام نے بتایا کہ رواں برس اب تک صوبے میں ایک سو دو جنگلاتی آگ کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جو کہ اوسطاً ستتر واقعات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔ واضح رہے کہ کینیڈا میں جنگلاتی آگ کا موسم مئی سے ستمبر تک رہتا ہے، اور دو ہزار تئیس میں ملک کو اپنی تاریخ کی بدترین جنگلاتی آگ کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے نتیجے میں مہینوں تک پورے شمالی امریکہ میں دھوئیں کی وجہ سے خطرناک فضائی آلودگی کا سامنا رہا۔

Share it :