یوکرین کے ساتھ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار تیارکریں گے، جرمنی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
برلن میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے جرمن چانسلر فریڈرِش میرٹز نے اعلان کیا ہے کہ جرمنی یوکرین میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی مقامی تیاری کے لیے تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا ہم یوکرین کی فوجی امداد جاری رکھیں گے اور اسے وسعت دیں گے۔” چانسلر میرٹز نے مزید کہا، “ہم یہ اس وقت تک کرتے رہیں گے جب تک ضروری ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے وزرائے دفاع آج ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے، جس کے تحت یوکرین میں تیار کیے جانے والے طویل فاصلے کے جنگی نظام فراہم کیے جائیں گے۔ “یہ صنعتی سطح پر تعاون ہو گا، جسے یوکرین یا جرمنی میں عملی شکل دی جا سکتی ہے،” انہوں نے وضاحت کی۔
انہوں نے اس نئے تعاون کو دونوں ممالک کے درمیان فوجی و صنعتی اشتراک کی نئی صورت قرار دیا اور کہا کہ اس میں بہت زیادہ امکانات موجود ہیں، تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ جرمن اخبار “بلڈ” کے مطابق، جرمن حکومت یوکرینی دفاعی صنعت کو کئی ملین یورو فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، خاص طور پر ایسے کروز میزائلوں کی تیاری کے لیے جن کی حدِ مار ۲۵۰۰ کلومیٹر تک ہو سکتی ہے۔