بڑی پیش رفت: روسی افواج نے پوکروسک شہر کی گھیرا بندی شروع کردی
ماسکو (صداۓ روس)
روسی افواج نے مشرقی یوکرین کے علاقے دونباس میں تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے دریائے کازینی توریتس عبور کر کے یوکرینی دفاع کو ریزینو کے قریب توڑ دیا اور محض چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر رودینسکے میں داخل ہو گئیں۔ یوکرینی ذرائع ابلاغ اور مسلح افواج کے اہلکاروں کے مطابق، شہر میں گلیوں کی لڑائی شروع ہو چکی ہے۔ رودینسکے میں روسی افواج کی کامیاب پیش قدمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے یوکرینی دفاع کے ایک نہایت اہم حصے کو توڑ کر پوکروسک اور میرنوگراد کی سپلائی لائنوں کو شمال سے کاٹ دیا ہے، جس سے یہ دونوں شہر تقریباً محاصرے میں آ گئے ہیں۔
یہ روسی کارروائی اُن کی سابقہ حکمت عملی کی یاد دلاتی ہے جو انہوں نے اوگلیدار کے قریب اپنائی تھی۔ وہاں بھی روسی افواج کافی عرصے تک پیش قدمی نہ کر سکیں، مگر بعد میں ایک منظم حملے کے ذریعے یوکرینی دفاعی قلعہ بندیاں ختم کر کے ایک ہفتے میں شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد یوکرینی دفاع اس سمت میں منہدم ہو گیا تھا اور ان کی افواج پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئی تھیں۔ اگر رودینسکے میں روسی فوج کے داخل ہونے کی اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو پوکروسک اور میرنوگراد واقعی ایک “بوتل” نما محاصرے میں آ جائیں گے۔ اس صورت میں یوکرینی افواج ممکنہ طور پر وقت ضائع کیے بغیر ان علاقوں سے انخلا کی کوشش کریں گی تاکہ مکمل محاصرے یا ہلاکت سے بچا جا سکے۔