خواتین مردوں کے مقابلے روزانہ تین ہزار الفاظ زیادہ بولتی ہیں، تحقیق
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
یونیورسٹی آف ایریزونا کے محققین نے 2025 میں شائع ہونے والی ایک بڑی تحقیق میں یہ انکشاف کیا ہے کہ 25 سے 65 سال کی عمر کی خواتین اپنے ہم عمر مردوں کے مقابلے میں اوسطاً روزانہ تقریباً تین ہزار الفاظ زیادہ بولتی ہیں۔ یہ فرق صرف اسی عمر کے گروپ میں نمایاں طور پر دیکھا گیا جبکہ کم عمر اور زیادہ عمر کے افراد میں مرد و خواتین کے بولنے کی مقدار تقریباً برابر رہی۔ تحقیق کے مطابق یہ فرق انسانی رویے، سماجی کرداروں اور روزمرہ کی ذمہ داریوں سے جڑا ہو سکتا ہے جو اس عمر میں مردوں اور عورتوں کے درمیان مختلف ہوتی ہیں۔ محققین نے مختلف عمر کے گروپوں پر مشتمل ایک بڑے نمونے کا جائزہ لیا اور پایا کہ نوعمری اور بوڑھاپے میں یہ فرق کم یا بالکل ختم ہو جاتا ہے۔ یہ تحقیق گفتگو کے حجم اور صنفی فرق کے حوالے سے ایک اہم اضافہ ہے اور مستقبل میں سماجی سائنسز اور نفسیات کے شعبوں میں مزید مطالعے کی بنیاد بن سکتی ہے۔