رپورٹ: اشتیاق ہمدانی –
کراسنویارسک ، روس-
روس کے شہر کراسنویارسک میں منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں “گلوبل انرجی ایوارڈ 2025” کے فاتح سائنسدانوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس بین الاقوامی سائنسی اعزاز کے لیے امسال چین، امریکہ اور روس سے تعلق رکھنے والے تین ممتاز سائنسدانوں کو منتخب کیا گیا۔
روایتی توانائی کے شعبے میں ایوارڈ چینی ماہر پروفیسر جن لیانگ ہے کو دیا گیا، جو یونیورسٹی آف چھنگوا میں ہائی وولٹیج ٹیکنالوجی کے تحقیقی ادارے کے سربراہ ہیں۔ ان کو بجلی کی ترسیل کے لئے الٹرا-ہائی وولٹیج ٹیکنالوجی کی ترقی پر ان کے نمایاں کام پر یہ اعزاز دیا گیا۔
غیر روایتی توانائی کے زمرے میں پہلی بار یہ اعزاز ایک خاتون سائنسدان، پروفیسر یوئی ہوانگ کو دیا گیا، جو امریکہ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی لاس اینجلس میں شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کی سربراہ ہیں۔ انہوں نے ایندھن کے خلیوں (fuel cells) کے لیے جدید کیٹالسٹ تیار کیے جو کارکردگی، پائیداری اور لاگت کے لحاظ سے انقلاب برپا کر رہے ہیں۔
روسی سائنسدان پروفیسر ویاچسلاف کھومچ، جو روسی اکیڈمی آف سائنسز کے الیکٹرو فزکس انسٹیٹیوٹ کے سائنسی ڈائریکٹر ہیں، کو توانائی کے نئے استعمالات کی کیٹیگری میں فاتح قرار دیا گیا۔ انہیں پلس انرجی اور پلازما ٹیکنالوجی میں تحقیق اور ایجادات پر اس ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے۔
امسال گلوبل انرجی ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 44 ممالک سے 90 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 15 سائنسدانوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ فاتحین کا انتخاب ایک بین الاقوامی کمیٹی نے کیا، جس کی صدارت جنوبی کوریا کے ممتاز ماہر رائے کوان چنگ نے کی۔
تقریب کی میزبانی روس کی مشہور توانائی کمپنی روس گیدرو نے کی، جو حال ہی میں ماسکو سے کراسنویارسک منتقل ہوئی ہے۔ یہ کمپنی اس عالمی سائنسی تقریب کی طویل مدتی شراکت دار بھی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراسنویارسک کے گورنر مخائل کوتیکوف نے کہا:
“توانائی کا شعبہ ہمارے خطے کے صنعتی مستقبل کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم نوجوان نسل کو اس شعبے میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اس قسم کی تقریبات سائنسی آگہی کو فروغ دیتی ہیں۔”
ایوارڈ کے صدر سرگئی بریلیو نے کہا:
“یہ بات خوش آئند ہے کہ سائنس دان عالمی جغرافیائی سیاسی صورتحال سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے سے سیکھنے اور تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ اس سال ہمیں یورپ، امریکہ اور گلوبل ساؤتھ سے بھرپور نمائندگی ملی۔”
کمیٹی کے سربراہ رائے کوان چنگ نے بھی اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو توانائی کے صاف اور پائیدار ذرائع کی فوری ضرورت ہے تاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تقریب کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) سے بھی خراجِ تحسین ملا۔ روسی خلا بازسرگئی ریژیکوف، الیگزی زوبریتسکی اور کیرل پیسکوف نے خلا سے ویڈیو پیغام کے ذریعے فاتح سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی۔
“گلوبل انرجی ایوارڈ 2025” کی حتمی ایوارڈ تقریب اکتوبر میں ماسکو میں ہونے والے “رشین انرجی ویک” کے دوران منعقد ہو گی، جو 15 سے 17 اکتوبر تک جاری رہے گا۔