خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

نیژنی نووگورود میں عالمی یوتھ فیسٹیول، پاکستانی نوجوانوں کا نمایاں کردار

نیژنی نووگورود میں عالمی یوتھ فیسٹیول، پاکستانی نوجوانوں کا نمایاں کردار

نیژنی نووگورود(اشتیاق ہمدانی)
روس کے تاریخی شہر نیژنی نووگورود میں 17 سے 21 ستمبر 2025 تک جاری عالمی یوتھ فیسٹیول نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیتوں اور بین الاقوامی یکجہتی کا مرکز بنا ہوا ہے، جس میں پاکستان سمیت دنیا کے 120 سے زائد ممالک سے دو ہزار سے زیادہ نمائندے شریک ہیں۔ یہ فیسٹیول روس میں نوجوانوں کا سب سے بڑا عالمی اجتماع قرار دیا جا رہا ہے، جہاں سائنس، کاروبار، کھیل، سماجی خدمات اور تخلیقی صنعتوں سے وابستہ نوجوان نہ صرف اپنے خیالات اور منصوبے پیش کر رہے ہیں بلکہ عالمی تعاون کے نئے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

پاکستانی وفد کی شرکت اس فورم کا نمایاں پہلو ہے، جسے “فیوچرٹیم پاکستان” کے پلیٹ فارم سے منتخب کیا گیا۔ وفد میں ٹیکنالوجی کے ماہرین، سماجی کارکنان، نوجوان کاروباری افراد اور طلبہ شامل ہیں، جو دنیا بھر کے ہم عمر شرکا کے ساتھ تجربات اور خیالات کے تبادلے میں مصروف ہیں۔ پاکستانی نمائندوں نے پہلے ہی روز ورکشاپس اور مباحثوں میں بھرپور شرکت کی۔ میڈیا اور کری ایٹو انڈسٹریز کے سیشن میں پاکستانی نوجوان بلاگرز اور ڈجیٹل کری ایٹرز نے اپنی کامیابیوں کی کہانیاں سنائیں، جبکہ کاروباری شعبے کے پروگرام میں اسٹارٹ اپ نمائندوں نے فِن ٹیک، ای-کامرس اور ماحول دوست توانائی کے منصوبے پیش کیے، جنہیں غیرملکی ماہرین اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی حاصل ہوئی۔

فیسٹیول کے ثقافتی حصے میں بھی پاکستانی نوجوانوں نے اپنی بھرپور موجودگی درج کرائی۔ قومی لباس، موسیقی اور روایتی فنون کی نمائش نے غیر ملکی شرکا کو متاثر کیا۔ پاکستانی اسٹالز پر ٹرک آرٹ اور منی ایچر پینٹنگ کو خاص توجہ ملی، جبکہ وفد کی جانب سے پیش کیا گیا فوک ڈانس شرکا کی بھرپور داد سمیٹنے میں کامیاب رہا۔

پاکستانی نوجوانوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ یہ عالمی فیسٹیول ان کے لیے ایک نایاب موقع ہے، جس نے نہ صرف انہیں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع دیا بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کے نوجوانوں کے مسائل اور ان کے حل جاننے کا بھی موقع فراہم کیا۔ پاکستانی وفد نے روسی رضاکاروں کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے ایونٹ کے دوران معلوماتی رہنمائی اور سہولت فراہم کی۔

پاکستنی طالب علم طلحہ نے کہا کہ یہ میرا روس کا پہلا دورہ ہے اور میں نے روس بارے جو سنا تھا اس سے بھی زیادہ خوبصورت پایا. ان کا کہنا تھا کہ روس کا بنیادی ڈھانچہ، بہت جدید اور کشادہ ہے. انہوں نے بتایا کہ اس فورم میں موجود روسی لوگوں کو جب معلوم ہوتا ہے کہ ہم پاکستان سے ہیں تو وہ بریانی کہتے یا پاکستان زندہ آباد کہہ کر اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں.

Ishtiaq Hamdani

اس فورم کے دوران پاکستانی وفد نے متعدد بین الاقوامی ڈیلگیشنز سے ملاقاتیں کیں جن میں وسطی ایشیا، افریقہ اور یورپ کے نمائندے شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں تعلیمی تبادلے، مشترکہ اسٹارٹ اپ منصوبے اور کھیلوں کے ذریعے سفارتی تعلقات کو فروغ دینے جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کی یہ شمولیت ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے ساتھ مستقبل میں نئے مواقع اور شراکت داریوں کے دروازے کھول سکتی ہے۔ پاکستانی وفد نے اعلان کیا کہ وہ اس فیسٹیول سے حاصل تجربات کو اپنے ملک میں نوجوانوں کی تربیت اور ترقی کے لیے استعمال کریں گے تاکہ پاکستان عالمی نوجوان برادری میں مزید فعال کردار ادا کر سکے۔

شئیر کریں: ۔