خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

روس میں دنیا کی پہلی خاتون کو نیوکلیئر آئس بریکر کا کپتان مقرر کر دیا گیا

Marina Starovoytova

روس میں دنیا کی پہلی خاتون کو نیوکلیئر آئس بریکر کا کپتان مقرر کر دیا گیا

ماسکو (صداۓ روس)
روس نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کی پہلی خاتون کو ایٹمی توانائی سے چلنے والے آئس بریکر جہاز کی کپتان مقرر کر دیا ہے۔ روسی ریاستی آپریٹر “اٹوم فلوٹ” کے مطابق میرینا اسٹارووائتووا کو مشہور آئس بریکر “یامل” کی کمان سونپی گئی ہے، جہاں وہ اس سے قبل چیف میٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ کپتانی کا بیج وصول کرتے ہوئے میرینا نے کہا کہ کپتان کی اصل ذمہ داری جہاز اور اس کے عملے کا خیال رکھنا ہے اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کے لیے ہر دن خود کو وقف کریں گی۔

میرینا اسٹارووائتووا کی زندگی کا سفر منفرد ہے۔ جہاز رانی کی سند حاصل کرنے سے پہلے وہ روس کے مغربی دیہی علاقے کے ایک اسکول میں روسی زبان و ادب پڑھاتی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے جہاز رانی کے میدان میں قدم رکھا اور گزشتہ بیس برس سے زائد عرصے میں تجارتی بحری جہازوں اور آئس بریکرز پر وسیع تجربہ حاصل کیا۔ اسی تجربے کی بنیاد پر انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

فی الحال دنیا میں صرف روس ہی وہ ملک ہے جس کے پاس ایٹمی توانائی سے چلنے والے آئس بریکرز کا بیڑا موجود ہے۔ پچھلے سال اس بیڑے میں ایک نیا جہاز بھی شامل کیا گیا۔ بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی اس وقت آرکٹک خطے کی جانب ہے، جہاں برف پگھلنے کے باعث بحری گزرگاہیں کھلنے لگی ہیں، اور یہ آئس بریکرز ان راستوں کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

یامل آئس بریکر جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے۔ یہ دو نیوکلیئر ری ایکٹرز سے لیس ہے اور اس نے ماضی میں کئی نمایاں کارنامے سرانجام دیے ہیں۔ سن 2000 میں اس جہاز نے شمالی قطب (نارتھ پول) تک کامیاب سفر کیا تھا، جب کہ یہ محققین کو برفانی خطوں تک پہنچانے میں بھی مدد فراہم کرتا رہا ہے۔ یامل کو اس کے منفرد ڈیزائن کی وجہ سے بھی پہچانا جاتا ہے، کیونکہ اس کے ڈھانچے پر شارک کے جبڑے کی تصویر پینٹ کی گئی ہے جو اسے نمایاں بناتی ہے۔ روس کی اس پیش رفت کو دنیا بھر میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ میرینا اسٹارووائتووا کا کپتان بننا نہ صرف خواتین کے لیے ایک تاریخی موقع ہے بلکہ آئندہ آنے والے برسوں میں سمندری جہاز رانی میں خواتین کے کردار کو بھی مزید وسعت دے گا۔

شئیر کریں: ۔